جے پور، 04 اگست (یو این آئی) راجستھان کے سوائی مادھوپور ضلع کے بھگوت گڑھ کے قریب اتوار کی صبح کار اور ٹرک کے درمیان تصادم میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت ہو گئی اور چھ دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ کار میں سوار تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، جو مدھیہ پردیش کے رتلام ضلع کے وکرم گڑھ کے رہنے والے تھے۔ یہ سبھی شریمد بھاگوت کتھا میں شرکت کے لیے اتراکھنڈ کے بدری وشال گئے تھے، جہاں کتھا سنتے ہوئے خاندان کی ایک خاتون کی موت ہوگئی۔ اس کے بعد اہل خانہ میت کی آخری رسومات ادا کرنے رشیکیش گئے۔ وہ رشیکیش میں خاتون کی رسمی آخری رسومات ادا کرنے کے بعد مدھیہ پردیش واپس لوٹ رہے تھے۔
اس دوران یہ حادثہ اتوار کی صبح ایکسپریس ہائی وے پر پیش آیا۔ حادثے میں چار افراد موقع پر ہی ہلاک اور چھ شدید زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں تین خواتین اور ایک مرد شامل ہے۔
چاروں ہلاک افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کے جنرل ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دی گئی ہیں۔ زخمیوں کو بھی اسی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے ایک کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے جے پور ریفر کر دیا گیا ہے۔