آزاد نے دہلی میں قومی پرچم لہرایا، ڈی پی اے پی لیڈران نے سرحد کا دورہ کرکے بی ایس ایف کے جوانوں کو مٹھائی پیش کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے منگل کو 77 ویں یوم آزادی پر عوام کو مبارکباد دی اور نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر پرچم کشائی کی، جب کہ جنرل سیکریٹری آر ایس چب نے صوبائی ہیڈ کوارٹر جموں و صوبائی صدر کشمیر محمد امین بھٹ نے سری نگر میں پرچم کشائی کی۔اس موقع پر پارٹی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے کہا کہ یہ خوشی کا لمحہ ہے اور ہم ہندوستانی عوام کو غیر ملکی حکمرانی کے خلاف اپنے پیشروؤں کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم آج یوم آزادی منا رہے ہیں، ہم ان تمام لوگوں کا یکساں طور پر شکریہ ادا کریں گے جنہوں نے اس کے لیے جدوجہد کی اور یہ یقینی بنایا کہ آنے والی نسلیں آزاد اور پرامن ہندوستان میں رہ رہی ہیں۔ آزاد نے کہا کہ ہر ہندوستانی کو اپنے ملک اور اس کی جمہوری اقدار پر فخر ہے جو اس کے ہر شہری کی عزت اور آزادی کو یقینی بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے گزشتہ 77 سالوں میں ہندوستان نے وہ حاصل کیا جو دنیا کے بیشتر ممالک اب بھی چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم دنیا کی دوسری سب سے بڑی جمہوریت اور سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہیںجس پر ہم سب کو فخر ہے۔ دریں اثناء وائس چیئرمین جی ایم سروڑی، جنرل سکریٹری آر ایس چِب، صوبائی صدر جموں جگل کشور شرما، ترجمان اعلیٰ سلمان نظامی، جنرل سکریٹری انیتا ٹھاکر اور دیگر کئی لیڈروں نے بھی آر ایس پورہ میں یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی، بعد ازاں قائدین نے بین الاقوامی سرحد کا دورہ کیااور بی ایس ایف کے جوانوں کے ساتھ یوم آزادی منایا اور مٹھائی کا تبادلہ کیا۔