عمرعبداللہ کو مغرورکہا،انجینئر رشید کی رہائی کے لیے جدوجہد کرنے کا عہدکیا
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے رہنماؤں بشمول خزانچی تاج محی الدین، ضلع صدر بارہمولہ شعیب لون، ترجمان اعلیٰ سلمان نظامی، ضلع صدر کپواڑہ منیر میر، ارشاد تانترے، آغا رضوی اور دیگر نے آج حال ہی میں منتخب ہونے والے انجینئر رشید کے خاندان سے ملاقات کی۔ واضح رہے لنگیٹ کے سابقہ رکن اسمبلی انجینئر رشید پارلیمانی نشست بارہمولہ سے2 لاکھ سے زائد ووٹوں سے کامیاب ہوئے۔ اس موقع پر ڈی پی اے پی لیڈران نے اپنی خواہشات کا اظہار کیا اور عہد کیا کہ وہ جیل میں قید انجینئر رشید کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔وہیں تاج محی الدین نے کہاکہ ہم نے باضابطہ طور پر انجینئر رشید کی حمایت کی تھی، اور ہمارے چیئرمین غلام نبی آزاد نے بھی اپنے کارکنوں اور رہنماؤں سے کہا تھا کہ وہ ان کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے ان کا ساتھ دیں۔ ہم شکر گزار ہیں کہ لوگوں نے ان کا ساتھ دیا اور وہ جیت گئے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اب ہمیں ان کی رہائی کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے تاکہ وہ عوام کی خدمت کر سکیں اور پارلیمنٹ میں اپنی آواز اٹھا سکیں۔
اس دوران پارٹی کے ضلعی صدر شعیب لون، جو کہ انجینئر رشید کے لیے مہم چلا رہے تھے، نے کہاکہ ہم نے انجینئر رشید کے دو بیٹوں ابرار رشید اور اسرار کے ساتھ اوڑی سے مہم شروع کی تھی۔ ہمیں اس طرح کے جواب کی توقع نہیں تھی کیونکہ ہمارے پاس کوئی مالی بیک اپ نہیں تھا۔ لیکن عوام نے بڑی تعداد میں ووٹ دے کر ایک سابق وزیراعلیٰ کو شکست دے کر ثابت کر دیا ہے کہ انسانیت آج بھی زندہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اب ہم اسے جیل سے نکالنے کے لیے اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔وہیں ترجمان اعلیٰ سلمان نظامی نے انجینئر رشید کے بیٹوں کے صبر اور کامیاب مہم کی تعریف کی۔ انہوں نے عمر عبداللہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں مغرور قرار دیا کہ انہوں نے انجینئر رشید کے بیٹوں پر علیحدگی پسند ہونے کا الزام لگایا۔ نظامی نے کہاکہ عمر مایوس ہیں کیونکہ وہ 2 لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے ہار گئے اور لوگوں نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔