ورکشاپ کا موضوع طلبہ کو کمپیوٹر پر مبنی معلومات فراہم کرنا ہے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ ایمپلائمنٹ انفارمیشن کم ایڈوائزری بیورو (ای آئی اے بی)، شعبہ لائف لانگ لرننگ، جموں یونیورسٹی نے آج گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول، بازار قصاباں، گوجر نگر، جموں میں کمپیوٹر کی مہارتوں پر 3 روزہ ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ اس تین روزہ ورکشاپ کا موضوع طلبہ کو کمپیوٹر پر مبنی معلومات فراہم کرنا ہے، جس سے وہ کمپیوٹر پر مبنی سرگرمیوں کو سنبھالنے میں مہارت حاصل کر سکیں گے۔وہیں اسکول کی پرنسپل کملیش بھگت نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں اسکول کے طلبہ کے لیے کمپیوٹر اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کی اشد ضرورت کا اظہار کیا کیونکہ یہ ان کے لیے ایک مضبوط بنیاد بنانے میں مدد کرتا ہے۔ انہوں نے اس نئے دور میں ڈیجیٹلائزیشن کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس ورکشاپ کے انعقاد کے لیے شعبہ لائف لانگ لرننگ کی کوششوں کو بھی سراہا۔واضح رہے ورکشاپ کا انعقاد ڈاکٹر جیون جیوتی، ڈائریکٹر ڈی ایل ایل کی رہنمائی میں کیا گیا تھا اور اسے ڈاکٹر ریوا کھجوریا، کونسلر، ای آئی اے بی، ڈی ایل ایل نے مربوط کیا تھا۔وہیں ریسورس پرسن جموں یونیورسٹی کے مسٹر سنجے منہاس تھے۔ اس ورکشاپ کے لیے تقریباً 30 طلبہ نے رجسٹریشن کرائی ہے۔