ڈی آئی پی آر نے جدید طرز کی آڈیو ویژول سہولیت قائم کی

0
0

محکمہ مقامی میڈیا افراد کیلئے معروف میڈیا اداروں میں تربیت اور انٹر ن شپ کا انتظام کرے گا: منیر الاسلام
لازوال ڈیسک
سرینگر محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے محکمہ کا پروگرام عکس پرواز تیار کرنے کیلئے جدید طرز کا آڈیو ویژول بنیادی ڈھانچہ قائم کیا ہے ۔ناظم اطلاعات ورابطہ عامہ منیر الاسلام نے کہا ہے کہ ترقیاتی پروگراموں بشمول عکس پرواز کو محکمانہ طور پر تیار کرنے کے لئے محکمہ نے ہائی ڈیفنشن کیمرہ حاصل کئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل ورک سٹیشن بھی نصب کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے جدید طرز سٹوڈیو میڈیا کمپلیکس سرینگر میں قائم کیا جارہا ہے جہاں ابھرتے ہوئے پیشہ واروں کو آڈیو ویجول اور ڈیجیٹل پروڈکشن کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔منیرا لاسلام نے کہا کہ ڈی آئی پی آر میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کا کام 2015ءمیں اُس وقت کے وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کی ہدایات کے مطابق شروع کیا تھا یہاں تک کہ اس وقت محکمہ کے پاس افرادی قوت ، اقامتی سہولیات اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی کافی قلت تھی لیکن پچھلے تین برسوں کے دوران محکمہ نے مختلف سطحوں پر خاطر خواہ پیش رفت حاصل کی ہے۔ناظم اطلاعات نے کہا کہ موجودہ وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی کے مسلسل تعاون سے پچھلے تین برسوں کے دوران ڈی آئی پی آر نے موجودہ بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے ساتھ ساتھ نیا بنیادی ڈھانچہ بھی کھڑا کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ جموں اور سرینگر کے میڈیا کمپلیکس میں پہلے ہی جدید طرز کے آڈیٹیو ریم چالو کئے گئے ہیں اور محکمہ جموں اور سرینگر میں لائبریری کم ریڈنگ روم قائم کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ میں افرادی قوت کو بھی مستحکم کیا گیا ہے اور محکمہ نے 50پیشہ ور تعلیم یافتہ اور تجربہ کار رپورٹروں ، ترجمہ کاروں ، ویڈیو ایڈیٹرس اور کیمرہ مین کو تعینات کیا ہے ۔ناظم اطلاعات نے مزید کہا کہ محکمہ مزید 35 پیشہ ور افراد کو تعینات کر رہا ہے تاکہ محکمہ کو پیشہ وارانہ طریقے پر افرادی قوت سے لیس کیا جاسکے ۔انہوںنے کہا کہ ان میں 25رپورٹر اور 10کیمرہ مین شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ریاست کے صحافیوں اور میڈیا طلاب کے لئے بھی نئی سہولیات قائم کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے لئے متواتر انٹرن شپ اور تربیتی پروگراموں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔منیر الاسلام نے کہا کہ محکمہ نے پہلے ہی پریس کونسل آف انڈیا کے ذریعے سے بیرون ریاست کے کئی نامور میڈیا اداروں کے ساتھ اشتراک کر کے ان اداروں میں ریاست کے میڈیا طلاب کی خاطر انٹرن شپ پروگراموں کا اہتمام کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی چیوٹ آف انڈیا پونا کے ساتھ بھی اشتراک کیا ہے تاکہ مقامی نوجوانوں کے لئے سرینگراو رجموں میں ڈیجیٹل فلم سازی سے متعلق قلیل مدتی کورسوں کا اہتمام کیا جاسکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کا پہلا کورس رواں مہینے کی 27تاریخ سے سرینگر میں شروع ہو رہا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا