کہا جے ایم سی جموں کے مکینوں کے کام کرنے کیلئے کوشاں ہے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لوگوں کو بہتر ترقی کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی مہم کو جاری رکھتے ہوئے، ڈپٹی میئر جموں، بلدیو سنگھ بلوریا نے کارپوریٹر نریندر سنگھ کے ساتھ آر ایس پورہ جموں جنوبی حلقہ کے وارڈ 70، سینک کالونی میں ڈرین کی تعمیر کا کام شروع کیا۔ واضح رہے یہ تعمیراتی کام جموں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) کی طرف سے تقریباً 30 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے انجام دیا جائے گا۔ اس موقع پر جے ایم سی کے ڈپٹی میئر بلدیو سنگھ بلوریا نے کہا کہ علاقے میں اس گہرے نالے کی تعمیر سے لوگوں کو خاص طور پر برسات کے موسم میں درپیش مسائل سے نجات ملے گی۔ ڈپٹی میئر نے کہا کہ یہ علاقہ کا دیرینہ مطالبہ تھا جو آج پورا ہو گیا ہے۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں کی کوششوں کے لئے کارپوریٹر نریندر سنگھ کی ستائش کی اور کہا کہ وہ محروم علاقوں میں ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے وارڈ کے لوگوں کے ترقیاتی مسائل کے بارے میں فکر مند رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینک کالونی میں کروڑوں کے ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور یہ علاقہ بھی جدید وارڈ بننے کی طرف گامزن ہے۔ ڈپٹی میئر نے جموں میونسپل کارپوریشن کارپوریٹروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وارڈوں کی ترقی کے لیے بہترین کوششیں کر کے بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔