یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے گندوہ تانترا علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کے تبادلے میں ایس او جی اہلکار زخمی ہوا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔بتادیں کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جموں کے کٹھوعہ ،بدرواہ اور ڈوڈہ میں تین حملے ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ کے گندوہ تانترا علاقے میں بدھوار شام دیر گئے سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے گندوہ ٹاپ پر مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں ایس او جی اہلکار جس کی شناخت فرید احمد کے بطور کی گئی ہے زخمی ہوا اور اس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں دو بدو گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔