ڈنکے کی چوٹ پر کہہ رہا ہوں سی اے اے واپس نہیں ہو گا: شاہ

0
0

کہا اقتدار میں رہ کر کانگریس نے نہیں بننے دیا اجودھیا میں رام مندر
لازوال ڈیسک

لکھنؤ؍؍ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے) کی حمایت میں منعقد ہ ریلی میں یہاں اپوزیشن پر حملہ بولا۔ انہوں نے سی اے اے کو لے کر اپوزیشن پر پروپیگنڈے کرنے کے الزام لگاتے ہوئے اس پر بحث کرنے کی چیلنج کیا اور مختلف مسائل پر کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ میں آج ڈنکے کی چوٹ پر کہنے آیا ہوں کہ جس کو مخالفت کرنا ہے کرے،سی اے اے واپس نہیں ہونے والا ہے۔ اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں بنگلہ مارکیٹ واقع کتھا پارک میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ کانگریس جب تک اقتدار میں تھی، اس وقت تک اجودھیا میں بھگوان رام کا مندر نہیں بننے دیا۔ کورٹ میں کپل سبل کھڑے کیس میں اڑنگا لگاتے تھے۔ مودی حکومت بننے کے بعد سپریم کورٹ میں کیس تیزی سے چلا اور اب اجودھیا میں آسمان چھونے والا رام کا مندر بننے والا ہے۔ اس کی بھی یہ مخالفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو عمران خان کی زبان ہے، وہی راہل گاندھی کی زبان ہے۔ دونوں کی زبان ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی سی اے اے لے کر آئے جن کے پاس رہنے کے لئے گھر نہیں ہے، کھانے کے لئے کھانا نہیں ہے، ان کومودی جی نے احترام دینے کا کام کیا ہے۔ امت شاہ نے اپوزیشن پر پروپیگنڈے کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتجاج سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہماراجنم اور پرورش مخالفت میں ہی ہوئی۔ میں آج ڈنکے کی چوٹ پر کہنے آیا ہوں کہ جس کو مخالفت کرنا ہے کرے، سی اے اے واپس نہیں ہونے والا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ 8866288662 ڈائل کر مودی جی کی حمایت کریں۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ سی اے اے پر مخالف پارٹیاں پروپیگنڈے اور افواہ پھیلا رہی ہیں۔ اسی لیے بی جے پی عوامی بیداری مہم چلا رہی ہے، جو ملک کو توڑنے والوں کے خلاف ہے۔ نریندر مودی سی اے اے لے کر آئے ہیں۔ راہل اینڈ کمپنی، ممتا بنرجی، اکھلیش، مایاوتی، کیجریوال تمام اس بل کے خلاف افواہ پھیلا رہے ہیں۔ ملک میں سی اے اے کے خلاف افواہ پھیلائی جا رہی ہے، فسادات کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے سے اقلیتوں کی شہریت چلے جانے کا جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو اس معاملے پر بحث کرنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر سی اے اے میں کسی بھی شخص کی شہریت جانے کی بات ہے تو ثابت کرکے دکھائیں۔ اپوزیشن اپنی سیاست کے لئے اس کو لے کر افواہ پھیلا رہا ہے۔ سی اے اے کے مخالفین پر حملہ آور ہوتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ اس بل کو لوک سبھا میں نے پیش کیا ہے۔ میں مخالفین سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ اس بل پر عوامی طور پر بحث کر لو۔ یہ اگر کسی بھی شخص کی شہریت لے سکتا ہو تو اسے ثابت کر کے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان آنکھ کے اندھے اور کان کے بہرے لوگوں کو وہاں اقلیتوں پر ظلم دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ افغانستان اور پاکستان تو دور کی بات، ان کو اپنے ملک کشمیر میں لوگوں پر ظلم دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ میں آج ڈنکے کی چوٹ پر کہنے لکھنؤ آیا ہوں کہ جس کو جو کرنا ہے کر لے، سی اے اے واپس نہیں ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو سال پہلے جے این یو کے اندر ملک مخالف نعرے لگے۔ میں عوام سے پوچھنے آیا ہوں کہ جو بھارت ماتا کے ایک ہزار ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی بات کرے اس کو جیل میں ڈالنا چاہئے یا نہیں؟ نریندر مودی نے ا س کو جیل میں ڈالا اور یہ راہل اینڈ کمپنی کہہ رہی ہے کہ یہ بولنے کا حق ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ اکھلیش بابو اینڈ کمپنی سن لو، ہمیں جتنی گالیاں دینی ہیں دو، ہماری پارٹی کو جتنی گالیاں دینی ہیں دو مگر بھارت ماتا کے خلاف ملک میں نعرے کو لگائے گا ،اسے جیل میں ڈالا جائے گا۔ اس سے پہلے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ آج وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ ملک کے مفاد میں بڑے فیصلے کر رہے ہیں۔ اس کوروکنے کی گھنونی کوشش ہو رہی ہے۔ ہندوستان کا ہر شہری پوری مضبوطی کے ساتھ مودی اور شاہ کے ساتھ کھڑا ہے۔ ملک کے اندر کانگریس اور ایس پی اور دیگر دشمن کی زبان بولنے کا کام کرتے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا