جاری ترقیاتی کاموں اور دیگر محکمانہ سرگرمیوں کا جائزہ کیا
لازوال ڈیسک
اننت ناگ ؍؍سیریکلچر ڈیولپمنٹ کے ڈائریکٹر اعجاز احمد بھٹ (IAS) نے آج ضلع اننت ناگ میں شہتوت کے مختلف فارموں، بلاکس، نرسریوں، سیڈ اسٹیشن اچھہ بل، اور دفاتر کا ایک وسیع فیلڈ دورہ کیا۔ ڈائریکٹر سیریکلچر جموںو کشمیر کے دورے کا بنیادی مقصد ضلع اننت ناگ میں جاری ترقیاتی کاموں اور محکمہ کے کام کاج کی قریب سے نگرانی اور جائزہ لینا تھا۔اس موقع پر ڈائرکٹر سیریکلچر نے اننت ناگ کے سرنال میں ڈسٹرکٹ سیریکلچر آفس کی نئی تعمیر شدہ دفتری عمارت کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سیریکلچر نے جے اینڈ کے سیریکلچرڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے افسران پر زور دیاکہ محکمہ 25 مارچ 2024 تک یا اس سے پہلے ترقیاتی اہداف کے حصول اور اخراجات کو پورا کرنے کے لیے ٹھوس کوششیں کرے گا۔وہیں ضلع سیریکلچر افسران کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ جموں و کشمیر میں انجینئرنگ ونگز کے ذریعے چلائے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا فوری معائنہ کریں۔ ڈائریکٹر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ حکومت کی طرف سے سیریکلچر شعبے کو مناسب فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔دورے کے دوران اعجاز احمد بھٹ نے محکمانہ ملازمین کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی اور انہیں پتے کے ذخائر کو بڑھانے کے لیے شہتوت کی وسیع شجرکاری کے لیے مشن موڈ پر کام کرنے اور کوکون کے کاشتکاروں کی تکنیکی رہنمائی سمیت تمام مدد کو یقینی بنانے کی تاکید کی تاکہ وہ مستفید ہو سکیں۔ ڈائریکٹر سیری کلچر نے سیڈ اسٹیشن اچھہ بل کا دورہ کرتے ہوئے سیری کلچر میں سیڈ سیکٹر کے اہم کردار پر زور دیا اور محکمہ کی خود کفالت کے لیے سیڈ اسٹیشنوں کی بیج کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔