چیف سیکرٹری نے ڈگری کالجوں کیلئے اَراضی کے حصول کا جائزہ لیا

0
0

ضلعی اِنتظامیہ سے ان کے قیام کی پیش رفت میں حائل رُکاوٹوں کو دُور کرنے کی ہدایت
لازوال ڈیسک

سری نگر؍؍چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے جموں و کشمیر میں نئے ڈِگری کالجوں کے قیام کے لئے اَراضی کے حصول کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے آج ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، سیکرٹری ریونیو ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹر کالجز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ سری نگر، بڈگام، کپواڑہ، اننت ناگ، سانبہ، اودھمپور، رام بن اور راجوری اَضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروںنے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا ۔
چیف سیکرٹری نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ کہ وہ جموں و کشمیر میں نئے ڈگری کالجوں کے قیام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اضافی کوششیں کریں۔اُنہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ کالج کے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے جہاں بھی ضرورت ہو، کچھ کالجوں سے ملحقہ اِضافی اراضی کے حصول کے اِختیارات تلاش کریں۔دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے افسران پر زور دیا کہ وہ عدالتی مقدمات اور زمین سے متعلق دیگر معاملات کی بھرپور طریقے سے پیروی کریں تاکہ ادارے کم سے کم وقت میں قائم کئے جاسکیں۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم نے کالجوں کی ترقی میں حائل زمین سے متعلق تمام مسائل پیش کئے۔
متعلقہ اَفسروں کے ساتھ معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ان کے حل کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنروںنے اَپنے متعلقہ اضلاع کی سٹیٹس رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کالجوں کے لئے اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے اور اراضی کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ کسی بھی کالج کو اَپنے قیام یا اَپ گریڈیشن کے لئے زمین کی منتقلی کی کمی کی وجہ سے تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور ضلع میں اراضی سے متعلق معاملات کا سامنا کرنے والے کسی بھی کالج کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا۔میٹنگ میں پرائیویٹ یونیورسٹیز پالیسی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا