لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں مختلف کارپوریشنوں اور پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگس کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔چیف سیکرٹری نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ منیجنگ ڈائریکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے متعلقہ پبلک سیکٹر یونٹوں کومزید متحرک اور مالی طور پر قابل عمل بنائیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہر کار پوریشن کو منافع بخش کارپوریشن ہونا چاہئے اور اِس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کی جانی چاہئے۔اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ ایک ماہ کے اَندر حکومت کے غور وخوض کے لئے ایک واضح اور قابلِ عمل منصوبہ پیش کریں جس میں یہ واضح کیا جائے کہ وہ کس طرح منافع بخش ہوگا۔یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ کیبل کارکارپوریشن ، جے اینڈ کے فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن ، جے اینڈ کے منرلز کارپوریشن وغیرہ فی الحال منافع بخش اِدارے ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ا گر کام کرنے میںکوئی رُکاوٹ ہے تو اسے پالیسی اور عمل کے اہل کاروں سے دور کیا جانا چاہیے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ کارپویشنوں کو چاہیے کہ وہ سہ ماہی میٹنگیں باقاعدگی سے منعقد کریںاور اِس ماہ کی 15؍ تاریخ تک 2021-22ء تک اَپنے اکائونٹس جمع کریں ۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام کارپوریشنز بورڈ ممبران کے نام اَپنی متعلقہ ویب سائٹس پر اَپ ڈیٹ کریں۔اُنہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو سالانہ دو کونسل میٹنگ منعقد کرنے چاہئیں۔اِس سے قبل چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ایم ڈیز سے ان کی سرگرمیوں جیسے بورڈ کی تشکیل ، آڈِٹ کی صورتحال ، آڈِٹ شدہ کھاتوں کی منظوری کی صورتحال ، ملازمین کے سی پی آئی ایس ڈیٹا کو لنک کرنے کی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔