جیتنے والوں کو 25 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ کا نقد انعام دیا جائے گا
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے اِس مہینے کی 20تاریخ کو ہونے والے میراتھن ایونٹ کے سلسلے میں آج یہاں پولو گراؤنڈ میں محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام’’ کشمیر میراتھن ایکسپو‘‘ کا افتتاح کیا۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری کے ہمراہ صوبائی کمشنر کشمیر، کمشنر سیکرٹری سیاحت، ناظم سیاحت کشمیر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔اُنہوں نے تین روزہ ایکسپو کے اِفتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ ایونٹ رواں ماہ کی 20 تاریخ کو متعارف کرنے کے بعد ہر سال منعقد کیا جائے گا جس میں ملک بھر میںزائد اَز 2,000 رنر حصہ لے رہے ہیں جن میں کچھ غیر ملکی ایتھلیٹس بھی شامل ہیں۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ اِس طرح کی تقریبات جموںوکشمیر یوٹی میں ایکو۔ ٹورازم ، تفریح اور مخصوص سیاحت کے ساتھ ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم کو تقویت دیتے ہیں۔
https://mining.jk.gov.in/whoiswho.html
اَتل ڈولونے کہا کہ یہاں منعقد ہونے والی یہ ایکسپو ہمارے کاروباری اَفراد کو اَپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے جا رہی ہے۔ اِس کے علاوہ ہماری مخصوص فصلوں اور ہمارے ورسٹائل فن کاروںکے ذریعے تیار کردہ منفرد ہینڈی کرافٹ اور ہینڈلوم آئٹمز کو فروغ دینے کا ایک موقعہ فراہم کرے گا۔اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی سیاحت کے فروغ کا براہ راست تعلق تجارت سے ہے جو بالآخر ہمارے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرتا ہے۔کمشنر سیکرٹری سیاحت یشا مدگل نے اس ایکسپو کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ایکسپو کا اہتمام اس تین روزہ ایونٹ کے اِختتام پر کشمیر میراتھن کے موقعہ پر کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے واضح کیا کہ یہ ایکسپو وزیٹروں کو کشمیر کے امیر اور متنوع ورثے کے بارے میں حقیقی احساس دِلانے کا ایک ناقابل یقین موقعہ فراہم کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ایکسپو میں خطے کے ضیافتوں، ثقافت اور دستکاریوں کی ایک دلکش نمائش پیش کی جارہی ہے جو اس میں شرکت کرنے والے تمام افراد کے لئے ایک شاندار اور بھرپور تجربہ فراہم کرتی ہے۔مزید برآں ،یہ بھی بتایا گیا کہ ان تین دنوں کے دوران میراتھن میں حصہ لینے والے اس ماہ کی 19 تاریخ تک روزانہ صبح 10بجے سے شام 5بجے تک اس ریس کے بارے میں متعلقہ معلوماتی مواد کے علاوہ اَپنی ریس کٹس اکٹھا کرسکتے ہیں جن میں ان کے بب نمبرز اور ٹائمنگ چپس شامل ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ میراتھن اپنی نوعیت کی پہلی میراتھن ہوگی کیوںکہ مردوں اور خواتین دونوں کے لئے الگ الگ منعقد ہونے والے فل اور ہاف میراتھن دونوں مقابلوں کے لئے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ فل میراتھن کے لئے پہلا انعام 25 لاکھ روپے ، دوسرا 20 لاکھ روپے، تیسرا 18 لاکھ روپے، چوتھا انعام 15 لاکھ روپے اور پانچواں 12 لاکھ روپے مردوں اور خواتین کے لئے ہے۔اِسی طرح ہاف میراتھن ایونٹ میں نقد انعامات بالترتیب 15,00,000 روپے، دوسرا 12,00,000 روپے، تیسرا 9,00,000 روپے،چوتھا 6,00,000 روپے اور پانچواں3,00,000 روپے بطور انعامی رقم ہیں۔