پنچایت کیلئے خواتین کے سکل ٹریننگ سینٹر کا اعلان
جموں ضلع میں گزشتہ 5 برسو ںمیں 1,448 یونٹ قائم اور 11,038 اَفراد کو روزگار ملا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍چیئرپرسن جموں وکشمیر کھادی وِلیج انڈسٹریز بورڈ ڈاکٹر حنا شفیع بٹ نے آج جموں کے کھوجی پور میں تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں اور خواہشمند کاروباری افراد کے ساتھ بیداری کیمپ اور اِستفساری سیشن کا اِنعقاد کیا۔کیمپ میں سیکرٹری سی اِی او کھادی وِلیج انڈسٹریز بورڈ ڈاکٹر جگدیش چندر، بورڈ کے سینئر اَفسران، پی آر آئیز کے نمائندوں اور بے روزگار نوجوانوں اور سرحدی علاقوں کے خواہشمند کاروباری اَفراد نے بھی شرکت کی۔ڈاکٹر حنا شفیع بھٹ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممکنہ کاروباری افراد پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے متعدد سیلف ایمپلائمنٹ اسکیموں کے ذریعے فراہم کیے جانے والے مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور اَپنے مائیکرو انٹرپرائزز قائم کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم روزگار پیدا کرنے کے پروگرام اور جموں و کشمیر دیہی روزگار پیدا کرنے کے پروگرام عام لوگوں کو بااختیار بنانے کے لئے ڈیزائن کئے گئے ہیں۔ اِس طرح اِقتصادی آزادی کو فروغ دینا اور خطے میں مثبت تبدیلی لاناہے۔اُنہوں نے تمام شراکت داروں کی فعال شمولیت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ روزگار کی سکیمیں پورے جموںوکشمیر یوٹی میں مؤثر اثر چھوڑیں۔ اُنہوں نے اعلان کیا کہ کھادی اینڈ وِلیج بورڈ جلد ہی پنچایت میں خواتین کے لئے سکل ٹریننگ سینٹر قائم کرے گا۔ڈاکٹر حنا شفیع نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ پی ایم ای جی پی اور جے کے آر ای جی پی جیسے روزگار پیدا کرنے والے پروگراموں کے ثمرات کو ہدف آبادی تک پہنچانے کے لئے عملانے والی ایجنسیوںاور متعلقہ بینکوں کی طرف سے ہم آہنگ کوششوں کی ضرورت ہے۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ضلع جموں میں 1,448 یونٹوں کے قیام کے لئے 36.57 کروڑ روپے کی مارجن منی جاری کی گئی ہے جس سے 11,038 افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔اَفسران نے بیداری کیمپ و اِستفساری سیشن کے دوران جے کے آر ای جی پی اور پی ایم ای جی پی کے عملانے میں شامل طریقوں پر تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔ شراکت داروں اور سرحدی علاقوں کے لوگوں کو مطلع کیا گیا کہ یہ سکیمیں آن لائن ہیں اور خواہشمند کاروباری اَفراد اِن سکیموں کے تحت مالی مدد حاصل کرنے کے لئے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔