چھتیس گڑھ میں کانگریس بھاری اکثریت کے ساتھ دوبارہ حکومت بنائے گی۔ سیلجا

0
0

رائے پور //کانگریس کی جنرل سکریٹری اور پارٹی کی چھتیس گڑھ انچارج کماری سیلجا نے دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس ریاست میں ایک بار پھر بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی، اور پارٹی کی طرف سے ووٹروں کو دی گئی تمام ضمانتوں کو پورا کیا جائے گا۔
آج یہاں ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر راجیو بھون میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کماری سیلجا نے کہا کہ پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ ریاست میں تین چوتھائی اکثریت کے ساتھ کانگریس کی حکومت بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پورا الیکشن احسن طریقے سے لڑا۔ ہماری کوشش تھی کہ اپنے کاموں کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگیں۔ ہماری حکومت نے پچھلے پانچ برسوں میں جو کام کیے ہیں وہ ہمارے ووٹ مانگنے کی بڑی بنیاد تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے کسانوں، مزدوروں، نوجوانوں، درج فہرست قبائل اور درج فہرست ذاتوں کو بااختیار بنانے کے لیے ٹھوس منصوبے بنائے اور انہیں مؤثر طریقے سے نافذ کیا۔ قرض کی معافی، دھان کی خریداری، راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا، مزدور نیائے یوجنا، سوامی آتمانند اسکول، خوب چند بگھیل ہیلتھ اسکیم نے چھتیس گڑھ کی تصویر بدل دی۔ ہم نے پانچ برسوں میں بے روزگاری اور غربت کے خلاف جنگ لڑی جس کی وجہ سے ریاست کی 40 لاکھ آبادی خط افلاس سے اوپر آگئی، یہ ہماری حکومت کا شاندار کام تھا کہ جو لوگ آج الیکشن میں ہمارے خلاف جھوٹ پھیلا رہے ہیں، ان کی مرکزی حکومت نے ہمیں 65 ایوارڈز دیئے۔
کماری سیلجا نے کہا کہ دیوالی کے مبارک موقع پر، لکشمی پوجا کے دن، کانگریس پارٹی نے خواتین کے لیے "چھتیس گڑھ گرہ لکشمی یوجنا” شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہماری حکومت بننے کے بعد کانگریس ہر خاتون کو 15000 روپے سالانہ دے گی۔ ہم خواتین کو مضبوط اور خود انحصار بنانا چاہتے ہیں، ہم خواتین کے کنبہ کو بھی مضبوط، صحت مند اور تعلیم یافتہ بنانا چاہتے ہیں۔ ہمارے منشور میں اس کا ذکر ہے۔ انہیں قابل بنانے کے لیے، ہم مہتاری نیائے یوجنا کے تحت سستی گیس فراہم کریں گے تاکہ گرہ لکشمی یوجنا کے ساتھ ان کے اخراجات کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت خواتین کے کنبوں کے 10 لاکھ روپے تک کے علاج اور ان کے بچوں کی تعلیم کا بھی انتظام کرے گی۔ ہم خواتین سیلف ہیلپ گروپوں کے قرضے معاف کرکے خواتین کو بااختیار بنائیں گے۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر خواتین کو اندھیرے میں رکھ کر ووٹ حاصل کرنے کے لئے انتخابات میں وعدے کے مطابق مہتاری وندن یوجنا کا فارم بھروانے کی سازش رچنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے خواتین کو فارم بھرواکر اسے بے شرمی سے کوڑے میں پھینک دیا۔ بی جے پی کا یہ عمل خواتین کے تئیں غیر حساس ہے۔ ان کے جذبات سے کھیلنا اور ان کی سلامتی سے بھی کھلواڑ ہے۔ خواتین کا موبائل نمبر فارم میں بھرواکر اسے کچرے میں پھینک رہے ہیں اگر کوئی بدمعاش یا لفنگا قسم کا شخص ان کے موبائل نمبر پر کال کرکے انہیں ہراساں کرتا ہے تو اس کی ذمہ داری بی جے پی لے گی، یہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا