بیجاپور، // چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تصادم کے بعد آج صبح مزید تین ماؤنوازوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں، جس سے مارے گئے ماؤ نوازوں کی کل تعداد 13 ہوگئی ہے۔
بستر رینج کے پولیس انسپکٹر جنرل سندرراج پی نے بتایا کہ تقریباً 14 گھنٹے تک جاری رہنے والے تصادم کے بعد جائے وقوعہ سے کل 13 ماؤنوازوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جن میں 10 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ پکڑے گئے ہتھیاروں میں ایک لائٹ مشین گن (ایل ایم جی)، دو رائفلیں اور بڑی مقدار میں بی جی ایل گولے اور لانچر شامل ہیں۔ لاشیں برآمد ہونے کے باوجود ہلاک ہونے والے ماؤنوازوں کی شناخت واضح نہیں ہوسکی ہے۔ تاہم، ابتدائی جائزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں پیپلز لبریشن گوریلا آرمی (پی ایل جی اے) کمپنی نمبر 2 کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کورچولی جنگل میں آج صبح تلاشی لینے کے بعد فوجیوں نے مزید 3 نکسلیوں کی لاشیں برآمد کی ہیں۔ اس طرح انکاؤنٹر میں اب تک 13 نکسلیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
بیجاپور ضلع کے گھنے جنگلات میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک ہفتہ تک جاری رہنے والی شدید جھڑپ میں مختلف مقامات پر کل 22 ماؤنوزوں کے مارے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ گزشتہ 40 دنوں میں یہاں 45 سے زیادہ ماؤنواز مارے گئے ہیں۔