نئی دہلی، // سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کو ملک کے سب سے بڑے اعزاز بھارت رتن سے نوازنے کے ذکر پر راجیہ سبھا میں ہفتہ کو زبردست ہنگامہ ہوا۔
راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے صبح ضروری دستاویزات ایوان کے میز پر رکھوانے کے بعد راشٹریہ لوک دل کے جینت چودھری کا نام پکارا۔ مسٹرچودھری نے چرن سنگھ کو بھارت رتن دینے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چودھری صاحب کو بھارت رتن سے نوازے جانے کی وجہ سے ہر گاؤں میں دیوالی منائی جا رہی ہے اور ملک بھر کے کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس پر کانگریس ارکان نے ان پر تبصرہ کرنا شروع کردیا۔ کانگریس کے جئے رام رمیش نے مسٹرجینت چودھری پر ایک تبصرہ کیا۔ جس کی وجہ سے ایوان میں ہنگامہ ہونے لگا۔
ایوان میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ مسٹرجینت چودھری کو کن اصول کے تحت بولنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ انہوں نے چیئرمین پر ایوان کو من مانی طریقے سے چلانے کا الزام بھی لگایا۔ اس سے چیئرمین اور مسٹر کھڑگے کے درمیان بحث بھی ہوئی۔
مرکزی وزیر پرسوتم روپالا نے کہا کہ چودھری چرن سنگھ کو عزت دینا کانگریس ہضم نہیں کر پا رہی ہے۔ اسے کسان بیٹے کی عزت افزائی راس نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر چیئرمین پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ مسٹرروپالا نے کہا کہ چودھری چرن سنگھ کی عزت افزائی ملک کے کسانوں کی عزت افزائی ہے لیکن چودھری چرن سنگھ کی حکومت گرانے والی کانگریس کو یہ پسند نہیں آرہا ہے۔
قائد ایوان پیوش گوئل نے کہا کہ چودھری چرن سنگھ، مسٹر پی وی نرسمہا راؤ اور ایم ایس سوامی ناتھن کو بھارت رتن سے نوازنا فخر کی بات ہے۔ ہندوستانیوں کو اس پر فخر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کبھی بھی صرف پی وی نرسمہا راؤ کو عزت نہیں دی۔
مسٹر دھنکھڑ نے کہا کہ ایوان میں کسانوں کی توہین کی جا رہی ہے۔ یہ ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے جئے رام رمیش سے کہا کہ آپ کے ساتھ کچھ گڑبڑ ہے۔ ایک اور رکن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کمانڈو کی طرح بول رہے ہیں۔
اس کے بعد انہوں نے مسٹر جینت چودھری کو دوبارہ بولنے کی اجازت دی۔ مسٹر جینت چودھری نے کہا کہ چودھری چرن سنگھ انتخابات اور انتخابی اتحاد کی سیاست سے بالاتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری چرن سنگھ کو بھارت رتن سے نوازنے سے دیہی نوجوانوں، کسانوں اور مزدور طبقے کو تحریک ملے گی۔
ترنمول کانگریس کے سکھیندو شیکھر رائے نے کہا کہ چودھری چرن سنگھ کو بھارت رتن دینے پر ایوان میں تنازعہ ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبران کو کسی بھی معاملے پر بولنے کی اجازت دینا چیئرمین کا استحقاق ہے۔