سب سے زیادہ 76.08 فیصد ووٹنگ مغربی بنگال میں ہوئی،سرینگرنشست پر37فیصدپولنگ ہوئی
یواین آئی
نئی دہلی؍؍10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 96 پارلیمانی نشستوں کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق پیر کو لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 63.18 فیصد ووٹروں نے اپنا ووٹ ڈالا۔چوتھے مرحلے میں آندھرا پردیش اسمبلی کی تمام 175 سیٹوں اور اوڈیشہ اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 28 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی۔ شام 8.30 بجے تک الیکشن کمیشن کی طرف سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان دونوں ریاستوں میں اسمبلی انتخابات میں بالترتیب 68.20 اور 64.23 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوئی اور شام چھ بجے تک جاری رہی۔ بعض مقامات پر ووٹنگ کا وقت شام 7 بجے تک بڑھا دیا گیا۔ کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ لوک سبھا اور اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ مجموعی طور پر پرامن رہی۔ جموں و کشمیر کی سری نگر سیٹ سمیت کئی حلقوں کے کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹروں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ دیہی علاقوں میں بہت سے ووٹروں کو اپنے روایتی لباس میں دیکھا گیا۔چوتھے مرحلے میں سب سے زیادہ 76.08 فیصد ووٹنگ مغربی بنگال میں ہوئی، جب کہ آندھرا پردیش میں 68.20 فیصد، بہار میں 56.12 فیصد، جھارکھنڈ میں 64.30 فیصد، مدھیہ پردیش میں 70.35 فیصد، مہاراشٹر میں 53.06 فیصد، اوڈیشہ، تلنگانہ میں 61.69 فیصد، اتر پردیش میں 58.02 فیصد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد ہونے والے پہلے انتخابات میں سری نگر کی سیٹ پر 37 فیصد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔چوتھے مرحلے کی ووٹنگ کی تکمیل کے ساتھ ہی 543 ممبران اسمبلی حلقوں میں سے 379 میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔