مختلف علاقہ جات سے وفود نے اپنے مسائل پر تبادلہ خیال کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموںو کشمیر بی جے پی کے نائب صدر اور سابق میئر، جے ایم سی چندر موہن گپتا نے پارٹی سکریٹری وکاس چودھری اور سوچھ بھارت ابھیان کے انچارج دل بہادر سنگھ جموال کے ہمراہ پارٹی ہیڈکوارٹر جموں میں ہفتہ وار عوامی دربار کے دوران لوگوں کی شکایات سنیں۔چندر موہن گپتا نے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے عوام کو ان کے مسائل کیلئے آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے کئی اقدامات شروع کیے ہیں، جو بصورت دیگر وہ مناسب پلیٹ فارم پر مؤثر طریقے سے بات چیت نہیں کر پاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیش کئے گئے زیادہ سے زیادہ مسائل کے حل کے لئے انہوں نے مخلصانہ کوشش کی ہے اور دیگر مسائل کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران سے ٹیلی فونک اور تحریری طور پر رابطہ کیا ہے۔وہیںوکاس چودھری نے کہا کہ عوامی دربار نے عوام کو ایک آسان پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لیے پارٹی کے نصب العین کو مزید تقویت دی ہے جہاں وہ اپنے حقیقی مسائل کو حل کرنے کے لیے شیئر کر سکتے ہیں۔واضح رہے اس موقع پر کئی علاقہ جات سے کئی وفود نے اپنے مسائل زیر بحث لائے۔