بجلی کی آنکھ مچولی ناقابل قبول،محکمہ سپلائی میں معقولیت لائے:ظہور احمد
مختار احمد
گاندربل ؍؍پی ڈی پی نے ضلع گاندربل میں بجلی کی غیر تسلی بخش سپلائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ پی ڈی ڈی پر الزام لگایا ہے کہ وہ لوگوں کو معقول بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ضلع صدر پی ڈی پی گاندربل ظہور احمد نے ضلع گاندربل میں بجلی کی مسلسل کٹوتی پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے انتظامی حلقوں بالخصوص پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بجلی کی اس قسم کی صورتحال گاندربل کے عوام نے کبھی نہیں دیکھی۔ اْنہوں نے کہا کہ ایک طرف جہاں ایل جی انتظامیہ گاندربل کی فلاح و بہبود کے اپنے بلند بانگ دعوے کر رہی ہے لیکن ساتھ ہی لوگوں کی بجلی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ عوام بالخصوص اور تاجر بالخصوص موجودہ دور میں بجلی کی صورتحال پر بے چینی محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کویڈ اور دیگر نامسائد حالات کی وجہ سے پہلے ہی تاجر پریشان ہیں تاہم اب بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے تاجر پریشان ہیں۔ظہور احمد نے کہا کہ محکمہ نے پہلے ہی بجلی فیس میں اضافہ کرکے لوگوں کو پریشان کیا ہوا ہے اور صارفین کی طرف سے بجلی بل ادا کرنے کے باوجود اْنہیں چند گھنٹوں ہی بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ ضلع کے کئی علاقوں میں اگرچہ سمارٹ میٹر بھی نصب کئے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود بجلی اکثر و بیشتر غائیب رہتی ہے۔بجلی کی ابتر صورتحال کے حوالے سے پی ڈی پی صدر گاندربل نے اس معاملے پر ایل جی منوج سنہا اور ضلع انتظامیہ گاندربل سے درخواست کی ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کریں اور گاندربل میں بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ تکنیکی خرابیوں کو دور کرکے بجلی سپلائی میں معقولیت لائیں تاکہ لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔