حاجی محمد یوسف مجنو ں ساتھیوں سمیت بی جے پی میں شامل
جموں و کشمیر کی ترقی صرف بی جے پی حکومت میں ہی ممکن :غلام علی کھٹانہ مودی حکومت نے عوام کی زندگیوں میں نمایا ں تبدیلی لائی:عبدالغنی کوہلی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍بی جے پی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر جموں میں ایک پُروقار تقریب میںصدر آل جموں و کشمیر گوجر بکروال کانفرنس حاجی محمد یوسف مجنوں نے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اپنے درجنوں ساتھیوں کے ہمراہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔اس موقعہ پررویندر رینا، صدر،جموں وکشمیر بی جے پی، اشوک کول، جنرل سکریٹری (تنظیم)، ممبرپارلیمنٹ (راجیہ سبھا) انجینئر غلام علی کھٹانہ، سابق وزیر عبدالغنی کوہلی، سابق ایم ایل اے بلونت سنگھ منکوٹیا اور پارٹی کے دیگر سینئر عہدیداروں نے حاجی محمدیوسف مجنوں اوراور ان کے ساتھیوں کا پارٹی میں شانداراستقبال کیا۔
رویندر رینا نے پارٹی میں ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گجر اور بکروال اپنے سیاسی حقوق سے محروم تھے اور جموں و کشمیر میں 370 سے پہلے ان کی کوئی سیاسی نمائندگی نہیں تھی۔ اسے منسوخ کرنے کا جرات مندانہ فیصلہ لیا جس سے معاشرے کے تمام طبقات کو نمائندگی دینے کی راہ ہموار ہوئی۔اس موقعہ پر ممبرپارلیمنٹ (راجیہ سبھا)غلام علی کھٹانہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے یہ سمجھ لیا ہے کہ جموں و کشمیر کی ترقی صرف بی جے پی کی حکومت میں ہی ممکن ہے کیونکہ یہ ملک کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے جذبے کے ساتھ قوم اور سماج کی خدمت کرتی ہے۔
یہ وزیر اعظم مودی ہیں جن کا 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کا وژن ہے۔عبدالغنی کوہلی نے بی جے پی میں نئے شمولیت اختیارکرنے والے سیاسی کارکنان کا والہانہ خیرمقدم کیا ۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ گوجر بکروال قبائل ترقی کی راہ پر گامزن ہیں جو کہ این سی، کانگریس اور پی ڈی پی کے دور حکومت میں ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ گوجر اور بکروال برادری کے لوگوں کی اکثریت بی جے پی میں شامل ہو رہی ہے کیونکہ مودی حکومت کی پالیسیوں نے ان کی زندگیوں میں ایک بڑی تبدیلی لائی ہے۔سابق کابینہ وزیرعبدالغنی کوہلی نے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی نے اپنے حالیہ دورہ جموں کے دوران بھاجپاکی پالیسیوں کوبیان کرتے ہوئے تمام برادریوں کے خدشات کودورکیا۔
انہوں نے کہاکہ مودی حکومت میں ہرقبیلہ کے لوگوں کوحقوق کاتحفظ یقینی بنایاجارہاہے اورگوجربکروال قبیلہ کے حقوق اورکوٹے میں ذرابھی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی گوجربکروال قبیلہ کے ہرگھرتک فلاح وبہبودکی اسکیموں کافائدہ پہنچانے میں مصروف ہیں اوریہی وجہ ہے کہ اعتمادکے ساتھ گوجربکروال قبیلہ کے لوگ جوش وجذبے سے جوق درجوق بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں ۔اورگوجربکروال قبیلہ کے لوگ یہ سمجھ چکے ہیں ہے کہ بی جے پی نے جوحقوق گوجربکروالوں کودیئے ہیں وہ گزشتہ ستربرسوں میں دوسری کسی بھی سیاسی جماعت نے نہیں دیئے ہیں۔حاجی محمد یوسف مجنوں نے کہا کہ گجر بکروال سچے دیش بھگت اور محب وطن قوم(برادری) ہیں اور وہ آنے والے انتخابات میں بی جے پی کی جیت کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کام کریں گے ۔انہون نے مزید کہا کہ وہ ریاست کو تقسیم کرنے والی طاقتوں کو شکست دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔محمدیوسف مجنوں نے کہاکہ عبدالغنی کوہلی صاحب گوجرقبیلہ کی عظیم شخصیت ہیں۔آپ کاتعلق ایک اعلیٰ پایہ کے سیاسی خاندان سے ہے ۔کوہلی صاحب نے کابینہ وزیرکی حیثیت سے سماج کے ہرطبقہ کی بہبودکیلئے بے شمارکارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں۔
علاوہ ازیں کوہلی صاحب کاتعلق سرزمین کشمیرکے لارشریف خانوادے سے بھی ہے ۔جموں وکشمیریوٹی بھرمیں عوامی بہبودکیلئے شاندار خدمات انجام دینے کی بدولت کوہلی صاحب یونین ٹیریٹری کے ہرعلاقے اورخطے میں منفردشناخت اوراثرورسوخ رکھتے ہیں۔مجنوں نے کہاکہ ہم جب بھی خطہ پیرپنچال کے دورہ پرگئے توکوہلی صاحب نے ہمیشہ اپنے آبائی گائوں لسانہ میں ہمارے قافلے کی بھرپورخاطرتواضع کی ۔کوہلی صاحب اکثرکہاکرتے تھے کہ ہماری جماعت بی جے پی میں شمولیت اختیارکریں کیونکہ بی جے پی ہی واحدایسی سیاسی جماعت ہے جوگوجربکروال کے حقوق کاتحفظ یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کرتی ہے اورکوہلی صاحب کی ترغیب نے مجھے قائل کیااوربالآخران کی بات کوسچ مان کرآج اپنے ساتھیوں سمیت بھاجپامیں شمولیت اختیارکررہاہوں تاکہ اپنے قبیلہ اورعوام الناس کی خدمت یقینی بناسکوں۔اس موقعہ پرمحمدیوسف مجنوں کے ہمراہ جن دیگرافرادنے بی جے پی میں شمولیت اختیاران میںذاکر حسین، گجر مہا سبھالیڈر، صادق حسین، پنچ، گجر کانفرنس کانفرنس لیڈر، محمد اختر، پنچ، محمد اقبال، گجر کانفرنس لیڈر، محمد شوکت گجر کانفرنس لیڈر، عبدالغنی، سرپنچ، نذیر احمد، پنچ، شبیر احمد، گجر کانفرنس لیڈرودیگران شامل تھے۔
قبل ازیںاپنے خطاب میں رویندررینہ نے کہا کہ ان برادریوں کو این سی اور کانگریس نے آزادی کے بعد سے ہی علاقہ اور مذہب کے نام پر بیوقوف بنایا ۔رینا نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیوں نے ان برادریوں کا سیاسی نظام میں اعتماد بڑھایا ہے اور وہ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ وزیر اعظم مودی کا ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کا وژن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منسوخی کے بعد ترقی کے 370 نئے باب لکھے گئے ہیں اور جموں و کشمیر "سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس” کے خطوط پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم مودی نے غریبوں اور ضرورت مندوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے بے شماراسکیمیںشروع کیں ۔
اس موقعہ پررویندررینہ نے اجولا کے تحت سلنڈر، پانچ مرلہ پلاٹ، پی ایم آواس یوجنا کے تحت مکانات وغیرہ کا تذکرہ کیا۔رینا نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کا بی جے پی کی پالیسیوں پر پختہ یقین ہے اور وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ یہ وزیر اعظم مودی ہی ہیں جنہوں نے جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کی راہیں ہموارکیں۔اشوک کول نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والے سیاسی کارکنان کا خیرمقدم کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ آن لائن موڈ کے ذریعے اپنی شمولیت کو مکمل کریں۔ انہوں نے یقین جتایا کیا کہ حاجی محمد یوسف مجنوں کی قیادت میں نئے شامل ہونے والے کارکنان پارٹی کی پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے لگن سے کام کریں گے اور حاجی یوسف کی شمولیت سے رام بن، اننت ناگ، شوپیاں اور ملحقہ علاقوں میں بی جے پی کو تقویت ملے گی۔