امت مسلمہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے اس شخص کو قرار واقعی سزا دی جائے:سفیر چوہدری
لازوال ڈیسک
جموںچند روز قبل پیغمبر اسلام ؑکی شان میں گستاخی کرنے پر جہاں ملک بھر میں پرامن احتجاج کیا جا رہا ہے تو وہیں جموں کے سنجوان ،بٹھنڈی علاقہ میں عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما سفیر چوہدری کی قیادت میں پیغمبر اسلام ؑکی شان میں گستاخی کرنے والے نار سنگھ نند کے خلاف پرامن احتجاج کیا گیا ۔
اس موقع پر الگ الگ تنظیموں سے وابستہ سماجی لوگوں نے بھی شرکت کی اور اس واقعہ پر سخت مذمت کی ۔وہیںذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے سفیر چوہدری نے کہا اس شخص کے خلاف جس نے نبی رحمت ؑکی شان میں گستاخی کرنے کی کوشش کی ہے سبق آموز سزا دی جائے جو پورے ملک کی عوام کے لیے ایک مثال ثابت ہو۔ انہوں نے کہا ہم ملکی حکومت تک انتظامیہ کے ذریعے اپنا پیغام پہنچا دینا چاہتے ہیں کہ اس طرح کے شر پسند عناصر کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔چوہدری نے کہا نبی رحمت ؑنہ صرف امت مسلمہ کے آخری پیغمبر ہیں بلکہ وہ پوری دنیا کے لیے محبت امن کا پیغام لے کر آئے ۔ انہوں نے کہا اس طرح کی بیان بازی سے امت مسلمہ کے اندر کافی غم و غصہ ہے اور اس لیے ہم انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اس موقع پر ایس ڈی پی او کو یاداشت بھی سونپی گئی۔