’پیرپنجال اور چناب جموں کا حصہ نہیں‘

0
0

مرتضیٰ خان اور اسلم گونی کی قیادت میں وفد کانگریس پالیسی گروپ سے ملاقی
لازوال ڈیسک

  • جموں؍؍سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی سربراہی میں کانگریس کے اعلیٰ سطحی گروپ برائے پالیسی و منصوبہ بندی جموں وکشمیر کے جموں دورہ کے دوران گریٹر پیر پنچال لائرزفورم کے ایک سرکردہ وفد نے سابق ممبرقانون سازکونسل و ایڈووکیٹ مرتضیٰ خان اور سابق ایڈووکیٹ جنرل محمد اسلم گونی کی سربراہی میں گروپ کے اراکین سے ملاقات کی ۔ خطہ چناب کے اضلاع ڈوڈہ ، کشتواڑ اور رام بن اور خطہ پیر پنچال اضلا ع راجوری ، پونچھ و ریاسی کی گریٹر پیر پنچال کے بینر تلے نمائندگی کرتے ہوئے وفد نے اعلیٰ سطحی گروپ کو ایک یاداشت بھی پیش کی جس میں اس بات کو واشگاف الفاظ میں اجاگر کیاگیا کہ گریٹر پیر پنچال خطہ تاریخی ،جغرافیائی اور تمدنی اعتبار سے ریاست جموں وکشمیر کے دیگر خطوں لداخ ،کشمیر اور جموںکی طرح ایک منفرد خطہ ہے نہ کہ جموں خطہ کاکوئی حصہ ہے ۔ وفد نے واضح کیاکہ جموں کے میدانی علاقوں اوراس کے گردونواح پر مشتمل جموں خطہ اپنی ہیت اور حجم کے اعتبار سے محدود ہے جبکہ گریٹر پیر پنچال اس کا حصہ نہ ہے ۔ وفد کاکہناتھاکہ پچیس لاکھ کی آبادی پر مشتمل گریٹر پیر پنچال جس کی غالب اکثریت مسلم ہے ، آج تک طرح طرح کے تعصبات اور تنگ نظری کا شکار رہاہے جسے بوقت ضرورت جموں کا حصہ بتاکر کشمیر کے ساتھ مقابلہ آرائی میں ناجائز طور پر استعمال کیاجاتارہاجبکہ حقیقی معنوں میں اس خطہ کا استحصال ہوتارہاہے ۔ وفد کے مطابق اس خطہ کے عوام کو کبھی بھی سیاسی عمل میں متوازی نمائندگی نہ دی گئی اور نہ ہی تعمیروترقی میں اس خطہ کے عوام کے ساتھ انصاف کیاگیا بلکہ جموں خطہ میں تعمیروترقی اور سیاسی اقتدار کو شہر جموں اوراس کے گردونواح کے علاقوںتک ہی محدود رکھاگیا ۔ اپنی یاداشت میں وفدنے اس بات پر زور دیاکہ اس خطہ میں موجود آبی وسائل، جنگلات ،معدنیات ودیگر قدرتی وسائل کا ناجائز استعمال کیاگیا لیکن تعمیروترقی کے معاملات میں اس خطہ کو نظرانداز کیاگیا ۔ یاداشت میں مزید کہاگیاکہ سرکاری ملازمتوں ،تعلیم ،سیاحت ودیگر شعبہ جات میں اس علاقہ کے عوام کے ساتھ ہمیشہ امتیازی سلوک برتاگیا ۔وفد نے اس بات کی ضرورت پر زور دیاکہ اختیارات میں حصہ داری اور وسائل کی تقسیم میں انصاف کئے بغیر ریاست جموں وکشمیر میں منصفانہ ماحول کاقیام اور دائمی امن ممکن نہیں ۔یاداشت میں مزید کہاگیاکہ گریٹر پیر پنچال کے عوام مسئلہ کشمیر کا دائمی حل چاہتے ہیں اور اس حوالہ سے وادی کشمیر کے اکثریتی عوام کے موقف کی حمایت کرتے ہیں اور ان پر روا ظلم و زیادتیوں کی مذمت کرتے ہیں ۔ ملاقات کے بعد وفد کے سربراہان نے میڈیاارکان سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وقت آن پہنچاہے کہ اس خطہ کے عوام اپنے جائز حقوق کے حصول کیلئے برسرپیکار ہوکرجہت مسلسل کا آغاز کریں ۔انہوںنے مزید کہاکہ یہ فورم گریٹر پیر پنچال کے عوام کوموزوں پلیٹ فارم فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس پارٹی برما میں روہنگیامسلمانوں پرمسلط مظالم اور سفاکیت کے خلاف آواز بلند کرے اور عالمی سطح پر اپنے اثرورسوخ کواستعمال کرے تاکہ وہاں کی فرقہ پرست انتظامیہ پر لازمی دبائو ڈال کر مسلمانوں کی نسل کشی سے انہیں محفوظ کیاجاسکے ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا