یواین آئی
نئی دہلی؍؍وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر اور فوڈ انڈ سپلائی اور صارفین امور کے وزیر رام ولاس پاسوان نے آج کہا کہ پیاز کی قیمتوں میں اضافہ عارضی ہے اور جلد ہی اس پر قابو پالیا جائے گا۔مسٹر تومر اور مسٹر پاسوان نے آج یہاں الگ الگ پریس کانفرنس میں کہا کہ کئی بار پیاز کی قیمت کو لے کر ایسے حالات پیدا ہوئے ہیں لیکن جلد ہی اس پر کنٹرول حاصل کر لیا جائے گا۔ نیفیڈ کی جانب سے جلد ہی مزید پیاز جاری کیا جائے گا۔ حکومت کا کام قیمت میں توازن بنانا ہے اور یہ کام کیا جا رہا ہے ۔مسٹر پاسوان نے کہا کہ ہر سال ستمبر سے لے کر نومبر تک آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمت کو لے کر خطرناک صورتحال پیدا ہوتے ہیں۔ اس بار آلو اور ٹماٹر کی قیمت کنٹرول میں ہے لیکن سیلاب اور برسات کی وجہ سے پیاز کی قیمت بڑھی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ اوپن مارکیٹ میں پیاز کی خوردہ قیمت 70 سے 80 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔مسٹر پاسوان نے کہا کہ ریاستوں کو سستی قیمت پر پیاز دستیاب کرایا جا رہا ہے ۔ حکومت کے پاس بفر اسٹاک میں 35000 ٹن پیاز دستیاب ہے ۔ تری پورہ اور دہلی حکومت کو پیاز دستیاب کرایا گیا ھے اور دوسر ریاستیں بھی پیاز لے سکتے ہیں۔