جموں وکشمیر اب دہشت گردی کے بجائے سیاحت کے لئے جانا جاتا ہے:منوج سنہا
یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز کہاکہ جموں وکشمیر میں امن و امان واپس لوٹ آیا ہے جبکہ ہڑتال اور پتھراواب قصہ پارینہ بن گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پڑوسی ملک بھی اب ہڑتالی کیلنڈر جاری نہیں کررہا ہے ۔ان باتوں کا اظہار منوج سنہا نے جموں میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی کے فیصلے کو برقرار رکھنے سے جموں وکشمیر ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو لے گا۔ان کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے پانچ اگست 2019کو نئے جموں وکشمیر کی بنیاد رکھی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج جموں وکشمیر امن کا گہوارہ بن چکا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ آرٹیکل 370کی منسوخی سے جموں وکشمیر میں دہشت گردی خاتمہ ہوا جبکہ پتھراو اور ہڑتال اب داستان ماضی بن گئے ہیں۔ایل جی منوج سنہا نے بتایا کہ جموں وکشمیر اب دہشت گردی کے بجائے سیاحت کے لئے جانا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے چار سالوں سے جموں وکشمیر نے ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوا ہے، اب ہر سال ہزاروں کی تعداد میں تعمیراتی پروجیکٹ مکمل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا :پڑوسی ملک اب ہڑتالی کیلنڈر بھی جاری نہیں کررہا۔‘منوج سنہا نے جموں وکشمیر کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہاں کے لوگوں نے امن و امان کے قیام کی خاطر انتظامیہ کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون فراہم کیا۔جموں وکشمیرکی سیاحت کے بارے میں منوج سنہا نے کہاکہ پچھلے سال ریکارڈ تعداد میں سیاح یہاں پر آئے اور امسال کے آخر تک سبھی ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے۔ایل جی موصوف نے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے باعث ہی جموں وکشمیر میں مثبت تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔