پولیس وانتظامیہ کے روبرو سینکڑوں خواتین کے ہمراہ دکان مالکن کے ہاتھوں دکان مقفل
منظور حسین قادری
سرنکوٹ؍؍پوٹھہ بائی پاس شاہراہ عام پر ٹھیکہ شراب دکان بند کرنے کو لیکر بعد نماز جمعہ مرکزی جامع مسجد سرنکوٹ سے ایک پرامن احتجاجی جلوس برآمد ہوا جسے راستے میں پولیس وانتظامیہ نے روک لیا جس پر پوٹھہ کی خواتین وحضرات احتجاجاً سڑک پر اتر آئے اور شراب خانہ کا گھیراؤ کرلیا ۔واضح ہو کہ اس خبر کے پھیلتے ہی تحصیل بھر کی عوام احتجاج پر آمادہ ہوئی جس پر معاشرہ وسوسائٹی کے دانشوروں نے فی الحال احتیاط برتنے کی تلقین کی مگر پھر بھی ہزاروں کی تعداد میں سرنکوٹ بازار اور پوٹھہ بائی پاس کے مقامات پر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔دریں اثنا ء عوام نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس وانتظامیہ کے رویہ کو برداشت کیا ۔یاد رہے پولیس وانتظامیہ کے روبرو دکان مالکن نے سینکڑوں خواتین کے ہمراہ دکان مقفل کردی اور کثیر تعداد میں موجود نوجواانوں عوامی نمائندگان عہدیداران اور معززشخصیات نے آزاد ہندوستان کے فلک شگاف نعروں کی گونج میں غیر آئینی وغیرقانونی عمل کے ذریعہ سرنکوٹ کے امن کو سبوتار کرنے کے لئے حکومت وانتظامیہ کوموردالزام ٹھہراتے ہوئے انتباء دیا کہ اگر تحصیل سرنکوٹ میں کسی جگہ بھی نشہ سے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی تو سرنکوٹ واسی مردوزن طفل جواں ہمہ گیر احتجاج پر اتر آئیں گے جس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور کسی بھی ناخوشگوار عمل کی کلیتہً ذمہ داری حکومت وانتظامیہ پر ہوگی۔