عوام نے ایل جی منوج سنہا سے منی سیکرٹریٹ کو فعال کر سبھی دفاتر ایک جگہ رکھنے کا مطالبہ کیا
ماجد چوہدری
پونچھ مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پونچھ حویلی میں سرکاری دفتروں کے مشرق ، مغرب ، شمال اور جنوب میں واقع ہونے سے عوام کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پونچھ کے دور دراز علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے نمائندہِ لازوال سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پونچھ کے سرکاری دفاتر کو ڈھونڈنا ان کے لیے مشکل کی بات ہوگئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک دفتر اگر پونچھ شہرِ خاص میں ہے تو دوسرا کنوئیاں میں، تیسرا قاضی موہڑہ میں چوتھا کسی اور جگہ جس سے ایک انجان شخص کو پورا دن ایک دفتر ڈھونڈنے میں ہی نکل جاتا ہے اور اگر کسی مزدور پیشہ افراد کو کسی دفتر میں کوئی کام ہو تو وہ پونچھ کے سرکاری دفتروں کے دوری پر ہونے سے گول گول چکر کاٹ کر اپنے کئی دن ضائع کردیتا ہے لیکن کام نہیں ہو پاتا۔اس کے علاوہ اگر یہ تمام دفاتر ایک چھت کے نیچے ہوں تو نہ صرف عوام کو سہولت میسر ہوگی بلکہ ہر کام میں شفافیت بھی ہوگی۔سرحدی ضلع پونچھ کے لوگوں نے لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پونچھ میں موجود منی سکریٹریٹ کو عوام کے لیے فعال بنانے کا حکم جاری کریں تاکہ ان کو دربدر کی ٹھوکریں نہ کھانی پڑیں اور انکے سبھی کام ایک چھت کے نیچے با آسانی صاف و شفاف طریقے سے ہو سکیں۔