ڈی پی او ہر تین ماہ کے بعد تبدیل ،عوام میں بیداری کی کمی
عمرارشدملک
راجوری ضلع پونچھ کے دیہی علاقوں کی بات کی جائے تو یہاں سوچھ بھارت مشن کے تحت فرضی بیت الخلاءیونٹوں کے نام پر مرکزی حکومت نے کروڑوں روپے کے فنڈ دئے لیکن زمینی سطح پر آج تک کچھ خاص نتائج برآمد نہیں ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ مرکزی حکومت نے دیہی علاقوں کی سوچھتا کے لئے سوچھ بھارت مشن نام کی اسکیم کا آغاز کیا جس میں گھر گھر بیت الخلاءتعمیر کرنا اور علاقوں کو صاف ستھرا رکھنا ہے لیکن ریاست جموں کشمیر کے ضلع پونچھ میں اس سکیم کے تحت کچھ خاص نتائج دکھنے کو نہیں ملے ۔ذرائع کے مطابق دیہی علاقوں اور خاص طور پر سرحدی علاقوں میں لوگوں کو بیدارکرنے کی بھی سخت ضرورت ہے تاکہ لوگوں کو بیت الخلاءکی اہمیت کا پتہ چل سکے لیکن ضلع پونچھ کے علاقوں میں تو بلاک آفیسران یا دیگر ملازمین اس سکیم سے دور بھاگتے نظر آتے ہیں اصل میں اس سکیم میں فی یونٹ کی قیمت 12ہزار روپے ہے اور اس میں سے کمیشن بھی نہیں ملتی اس لئے اس کی طرف توجہ کم دی جاتی ہے اور دوسری بات یہ بھی ہے کہ ہر تین ماہ میں ضلع پنچایت آفیسر پونچھ سے تبدیل کردیا جاتا ہے اور جو بھی نیا آفیسر تعینات ہوتا ہے اس کو سمجھنے میں وقت لگ جاتا ہے اور جب تک سمجھ میں آتا تو آفیسر ہی تبدیل کردیا جاتا ہے ایسے میں بیت الخلاءکی تعمیر کا ٹارگیٹ کیسے مکمل ہوگا اب تک ریاست کے دیگر اضلاع میں بہترین کارکردگی رہی لیکن ضلع پونچھ کے دیہی علاقوں میں ابھی تک کی کارکردگی صرف 46فیصد تک ہی پہنچ سکی ہے اور آن لائن کا سلسلہ بھی سست پڑا ہوا ہے جس وجہ سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں ہورہا ۔ دیہی علاقوں کی عوام کو بیدار کرنے کے لئے مختلف قسم کی جانکاری پروگراموں کی سخت ضرورت ہے لیکن اس میں بھی کوئی دلچسپی نہیں لے رہا ہے ایسے میں پھر کون انقلابی سطح پر ٹارگیٹ کومکمل کرے گا۔