جموں، // جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں فوجی جوانوں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ایک مشتبہ پاکستانی ڈورن پر بھارتی حدود میں داخل ہونے کے بعد گولیاں چلائیں جس کے بعد یہ ڈورن واپس چلا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج نے پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں ایل او سی پر ایک پاکستانی ڈورن پر بھارتی حدود میں داخل ہونے کے بعد قریب دو درجن گولیاں چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈرون مینڈھر اور کرشنا گھاٹی سیکٹروں میں کچھ فارورڈ چوکیوں پر کچھ دیر کے لئے منڈلانے کے بعد واپس پاکستان زیر قبضہ کشمیر چلا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ منگل کی شام دیر گئے پیش آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس واقعے کے فوراً بعد علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوانوں نے پونچھ کے سرلا علاقے میں بھی ایل او سی کے نزدیک مشتبہ نقل و حمل دیکھ کر اس پر گولی چلائی۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں اس علاقے میں تلاشی آپریشن چلایا گیا تاہ کوئی قابل اعتراض چیز بر آمد نہیں کی گئی۔