بجلی کی معقول فراہمی کے لیے ہیٹر، بائلر اور دیگر دیسی مواد سے بنے برقی آلات کا ہرگز استعمال نہ کریں: آفتاب احمد
لازوال ڈیسک
پونچھ؍؍مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں بجلی چوری پر قدغن لگانے کے لیے محکمہ کی جانب سے ایگزیکیٹو انجینئر محکمہ بجلی آفتاب احمد کی ہدایت پر اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئر محمد فضل اور ابھینو ڈابر کی زیرِسرپرستی میں ٹیم نے پونچھ شہرِ خاص کا معائنہ کرتے ہوئے خصوصی تلاشی کاروائی چلائی اور غیر قانونی طریقے سے استعمال سینکڑوں ہیٹر، بائلر و دیگر برق چوری کے لیے بنے دیسی آلات کو ضبط کر انہیں موقعہ پر ہی ضائع کیا اور بجلی چوری کرنے و کنیکشنوں کو بائی پاس کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا
انہوں نے ہدایت جاری کی کہ اگر مستقبل میں بجلی چوری کی حماقت کی گئی تو انکے خلاف مزید سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے انکے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئر محمد فضل نے بتایا کہ وہ بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف مسلسل کاروائیاں عمل میں لارہے ہیں اور یہ لگاتار جاری رہیں گیں جب تک بجلی چوری پر مستقل طور پر قدغن نہ لگ جائے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنی کارروائیوں میں کوئی خاص و عام نہیں دیکھتے بلکہ صرف انہی کے خلاف کاروائی عمل میں لاتے ہیں جو بجلی چوری کی واردات میں ملوث ہوں اور انکے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔اس ضمن میں ایگزیکیٹو انجینئر آفتاب احمد نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ذریعے سے عوام سے اپیل کی کہ اگر وہ معقول بجلی سپلائی چاہتے ہیں تو محکمہ کا تعاون کریں اور دیسی مواد سے بنے برقی آلات جیسے ہیٹر، بائلر وغیرہ کا ہرگز استعمال نہ کریں۔