معاشرے سے منشیات کے خاتمے اور پْرامن ماحول کو برقرار رکھنے پر کی گئی گفتگو
بابر فاروق
ڈوڈہ؍؍ضلع ڈوڈہ کے پولیس تھانہ گندہ میں انسپکٹر پرویز احمد کھانڈے، اسٹیشن ہاؤس آفیسر پولیس تھانہ گندو کی صدارت میں پی سی پی گروپ میٹینگ منعقد کی گئی۔ منعقدہ میٹینگ میں معزز شہریوں بشمول سابقہ بی ڈی سی چیئرمین گندو، سناتن دھرم سبھا گندہ، مجلسِ شوریٰ گندو،سابقہ سرپنچ، پنچ، ٹرانسپورٹ یونین گندو کے اراکین، چوکیدار، لمبردار، صحافیو5 و دیگر نوجوان نے شرکت کی۔ انسپکٹر پرویز احمد کھانڈے نے کہا کہ منعقدہ میٹنگ کا مقصد منشیات سے پاک معاشرہ بنانے کے لیے مخصوص نظریہ کے ساتھ پولیس اور عوام کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
میٹنگ کے دوران شرکاء نے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل کو اْبھارا۔وہیں شرکاء کی جانب سے اْجاگر کیے گئے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے اسٹیشن ہاؤس آفیسر پولیس تھانہ گندو نے انہیں یقین دلایا کہ مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ فوری طور پر حل کرنے کے لیے اٹھایا جائے گا اور پولیس سے متعلق مسائل کا بھی بروقت ازالہ کیا جائے گا۔ اس دوران شرکاء پر زور دیا گیا کہ وہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور پْرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے ملک دشمن عناصر کی نشاندہی میں پولیس کا ساتھ تعاون کریں۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر پرویز احمد کھانڈے نے پولیس کے تعلقات عامہ کو مضبوط بنانے اور معاشرے سے ہر قسم کے جرائم کے خاتمے کے لیے تعاون کرنے پر زور دیا تاکہ علاقے میں پْرامن اور جرائم سے پاک ماحول پیدا ہو۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں پولیس کو مطلع کریں تاکہ سماج و مْلک دشمن عناصر کے خلاف بروقت کاروائی کی جائے۔