لیفٹنٹ گورنر سے فوری مداخلت کی اپیل، کہا بلاجواز پولیس کارروائی انتخابی دھاندلیاں کرنے کی ایک کوشش
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ اپنی پارٹی کے جنرل سکریٹری رفیع احمد میر نے وادی کے مختلف علاقوں میں اپنی پارٹی کے کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے ان گرفتاریوں کو سرینگر حلقہ انتخاب میں کل ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں دھاندلیاں کرنے کی ایک کھلی کوشش قرار دیا ہے۔رفیع احمد میر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’پولیس نے سرینگر، بڈگام، پلوامہ اور شوپیاں کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں اپنی پارٹی کے کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔ بظاہر یہ گرفتاریاں این سی اور پی ڈی پی جیسی جماعتوں کے کہنے پر کی گئی ہیں۔ ہم پہلے سے ہی یہ کہتے آئے ہیں کہ ان جماعتوں کو نئی دلی کی طاقتوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔‘‘
رفیع احمد میر نے خبردار کیا ہے کہ اگر پارٹی کارکنوں کو فوری رہا نہ کیا گیا تو اپنی پارٹی انتخابات کا بائیکاٹ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’انتخابات ایک جمہوری عمل ہے، جو شفاف، آزادانہ اور منصفانہ ہونے چاہئیں۔ انتخابات سے محض ایک دن قبل پارٹی کارکنوں کی گرفتاری اپنی پارٹی کے خلاف انتخابات میں دھاندلی کرنے کی ایک کھلی کوشش ہے۔ ہم اس ناانصافی کو برداشت نہیں کریں گے اور انتخابات کا بائیکاٹ کریں گے۔‘‘اپنی پارٹی کے جنرل سیکرٹری نے ایل جی سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا، ’’میں ایل جی منوج سنہا جی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور پارٹی کے گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی کو یقینی بنائیں، اور یہ بھی یقینی بنائیں کہ ا?نے والے دنوں میں بھی اپنی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف اس طرح کی بلا جواز کاررائی نہ ہو۔‘‘