نئی دہلی، //خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے جمعرات کو پوشن اتسو مہم کے تحت کارٹون کتابیں لانچ کیں جو 11 زبانوں میں دستیاب ہوں گی اور پورے ملک میں 14 لاکھ آنگن واڑیوں کے ذریعے بچوں اور حاملہ خواتین میں تقسیم کی جائیں گی۔
ان کتابوں کو غیر سرکاری تنظیم بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کی موجودگی میں جاری کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ یہ عام لوگوں کو ہندوستان کے روایتی اور مقامی غذائیت سے بھرپور کھانوں کے بارے میں آگاہ کرنے میں مدد کریں گی۔ اس پروگرام میں خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت اور دیگر وزارتوں کے افسران موجود تھے۔ پروگرام میں آنگن واڑی کارکنان بھی موجود تھیں۔
یہ کارٹون کتابیں امرچترا کتھا کے تعاون سے شائع کی گئی ہیں اور ان میں غذائیت سے بھرپور کھانوں کو مقبول بنانے کے لیے مشہور کارٹون کرداروں کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد خواتین اور اطفال کی ترقی کی وزارت اور امر چترا کتھا کے اشتراک سے بچوں میں مجموعی غذائیت کے لیے مشہور کارٹون کرداروں کا فائدہ اٹھانا ہے۔ یہ کتابیں 11 علاقائی زبانوں میں دستیاب ہوں گی اور پورے ملک میں 14 لاکھ سے زیادہ آنگن واڑیوں کے ذریعے بچوں، نوعمر لڑکیوں اور حاملہ خواتین میں تقسیم کی جائیں گی۔