بڑی تعداد میں شاعروں، ادیبوں اور قلمکاروں کی شرکت،خراج عقیدت پیش کیا گیا
تنہا ایاز
پلوامہ؍؍ساہتیہ اکادمی، نئی دہلی کی جانب سے نامور شاعر، ادیب اور صحافی مرحوم عبدالرحمان آزاد کی یاد میں قوئل پلوامہ میں ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت وادی کے معروف قلمکار ،ادیب اور شاعر غلام نبی آتش نے کی جبکہ پروفیسر شاد رمضان، محمد آمین بٹ ،ڈاکٹر نذیر آزاد اور فاروق فیاض ایوان صدارت میں موجود رہے۔تقریب کے آغاز میں ساہتیہ اکیڈمی کے کشمیری بورڈ کے کنوینیر پروفیسر شاد رمضان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرکے مہمانوں کا استقبال کیا۔محمد آمین بٹ ممبر کشمیری مشاورتی بورڈ نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔
اس موقع پر غلام محمد دلشاد اور فاروق فیاض نے عبدالرحمان آزاد پر 2 مقالے پڑھے۔تقریب کے دوران پلوامہ کی معروف شاعرہ فاطمہ جی کی کشمیری تصنیف "ترنگہ قصابہ” عبدالرحمن آزاد پر غلام نبی آتش کی لکھی کتاب کی رسم رونمائی بھی انجام دی گئی۔ تقریب میں خواتین شعراء کی ایک بڑی تعداد موجود تھی. تقریب کے دوران مقررین نے مرحوم عبدالرحمان آزاد کی ادبی اور صحافتی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی اور مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر گلزار نے انجام دئے. تقریب کی دوسری نششت میں ایک محفل مشاعرہ منعقد ہوا جس میں خواتین شعراء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کرکے مرحوم عبدالرحمان آزاد کے کلام پیش کئے۔
تقریب کے آخر پر غلام نبی آتش نے صدارتی خطبہ پیش کرکے مرحوم عبدالرحمان آزاد کی زندگی پر روشنی ڈالی اور مرحوم کو نہایت ہی خوب صورت الفاظ میں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب میں نظامت کے فرائض ساہتیہ اکادمی نئی دہلی کشمیری بورڈ کے ایڈوائزر ڈاکٹر گلزار نے انجام دئے۔