تعارفی سیشن کا ہو ا انعقاد، تدریسی اور غیر تدریسی دونوں ساتھیوں کا تعاون طلب کیا
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍پروفیسر اے رویندر ناتھ وائس چانسلر سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر نے بدھ کے روز وزارت تعلیم کے حکم کے مطابق پروفیسر (ڈاکٹر) سدھاکر یدلا کو ریلیو کرتے ہوئے ڈائریکٹر، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی)، سری نگر کا اضافی چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پرپروفیسر ناتھ کا استقبال رجسٹرار پروفیسر عتیق الرحمان، سینئر فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے نے کیا جس کے بعد ایک مختصر بات چیت کا سیشن ہوا۔اپنی بات چیت کے دوران، پروفیسر ناتھ نے این آئی ٹی سری نگر کی متاثر کن وراثت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے ادارے کو علم کی علامت، فکری کھوج کے لیے ایک پناہ گاہ، اور اپنی پوری تاریخ میں مثبت تبدیلی کے لیے ایک محرک قوت قرار دیا۔پروفیسر ناتھ نے این آئی ٹی سری نگر کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا اور اس مشترکہ مشن کو حاصل کرنے کے لیے تدریسی اور غیر تدریسی دونوں ساتھیوں کا تعاون طلب کیا۔انہوں نے کہا کہ انتظامی عملے، فیکلٹی، ساتھیوں اور طلباء کے تعاون کے بغیر کچھ حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اجتماعی کوشش ہے اور ہم سب کو این آئی ٹی سری نگر کو اس ملک کے بہترین اداروں میں سے ایک بنانا ہے۔