’ہائوسنگ فارآل۔یعنی سب کیلئے رہائش ‘پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) مشن 25 جون 2015 کو شروع کیا گیا جو سال 2022 تک شہری علاقوں میں سبھی کے لیے مکانات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا تھا، مشن ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں (UTs) اور مرکزی نوڈل ایجنسیوں (سی این اے)کے ذریعے نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو تقریباً 1.12 کروڑ کے مکانات کی توثیق شدہ مانگ کے خلاف تمام اہل خاندانوں/مستحقین کو مکانات فراہم کرنے کے لیے مرکزی مدد فراہم کرتا ہے۔ پی ایم اے وائی (شہری) کے رہنما خطوط کے مطابق، اقتصادی طور پر کمزور طبقے (ای ڈبلیو ایس ) کے لیے ایک مکان کا سائز 30 مربع میٹر قالین کا رقبہ، تک ہو سکتا ہے۔ تاہم ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پاس وزارت کی مشاورت اور منظوری سے مکانات کے سائز کو بڑھانے کی لچک ہے۔جموںوکشمیرمیں بھی اس اسکیم پرعمل آوری جاری ہے لیکن شہری علاقوں میں بلدیاتی اِداروں کی چال کچھوے والی ہے،2022کے اہداف کوحاصل کرنے میں انتظامی نااہلی حائل رہی ہے جس کی وجہ سے اب بھی ہزاروں مستحق کنبے اس اسکیم سے مستفید نہ ہوسکے اوراُنہیں چھت نصیب نہ ہوسکی ہے،گذشتہ روز جموں میونسپل کارپوریشن کی جانب اس ضمن میں قائم کردہ اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ میں جوحقائق سامنے آئے ان سے معلوم ہوتاہے کہ جے ایم سی اورمحکمہ ہائوسنگ بھی اس اسکیم کو عملانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے،ذرائع کے مطابق ہاؤسنگ فار آل سٹینڈنگ کمیٹی کی 16 ویں میٹنگ ڈپٹی میئر جموں، بلدیو سنگھ بلوریا کی صدارت میں جے ایم سی کے کانفرنس ہال میں منعقدہوئی تاکہ اسکیم کی پیشرفت اور آگے بڑھنے کے راستے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ میٹنگ میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان سریندر شرما، سنیت رائنا، پریتم سنگھ، شردھا کماری، اندرجیت کور رندھاوا اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں، کمیٹی نے ادائیگی کے مسائل، استفادہ کنندگان کے گھروں کی ترقی، اور نئے گھریلو مستفیدین جنہوں نے اسکیم کے لیے درخواست دی ہے، پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی میئر جموں، بلدیو سنگھ بلوریا، جو ہاؤسنگ فار آل کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، نے مستحقین کو اقساط کی عدم ادائیگی پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں، اور نئے کیسز ابھی تک اپنے کیس جمع کرانے کے منتظر ہیں۔ڈپٹی میئر نے کہا کہ محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کی یقین دہانی کے باوجود ابھی تک مستحقین کی قسطیں جاری نہیں کی گئیں اور جن لوگوں نے درخواستیں دی ہیں وہ ابھی تک ان کے اجراء کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ فار آل سکیم کا مقصد بے گھر افراد اور کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو پناہ فراہم کرنا ہے لیکن قسطوں کے اجراء میں تاخیر نے مستحقین کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے وزیر ہاؤسنگ اور شہری ترقی کی یقین دہانی کے باوجود مستحقین کو قسطیں جاری کرنے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بے گھر افراد اور کچی آبادیوں میں رہائش پذیر افراد کو مکانات کی فراہمی کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں لیکن اقساط کا اجراء اسکیم پر عمل درآمد میں ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ جموں شہر کی کچی بستیاں اب بھی کچی ہی ہیں اورپی ایم مودی کے خوابوں کو یہاں بھاجپاحکمرانی والی جے ایم سی اورمتعلقہ محکمہ شرمندۂ تعبیرکرنے میں غفلت برت رہاہے۔