نامزدگی اور سفارشات وزارت کی ویب سائٹ پر نیشنل ایوارڈ پورٹل پر آن لائن کی جا سکتی ہیں
یواین آئی
نئی دہلی؍؍ آئندہ سال یوم جمہوریہ کے موقع پر اعلان کیے جانے والے پدم ایوارڈز کے لیے آن لائن نامزدگیوں اور سفارشات کا عمل بدھ سے شروع ہو گیا اور 15 ستمبر تک نامزدگی کی جا سکتی ہے۔وزارت داخلہ نے آج جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا کہ ان ایوارڈز کے لیے نامزدگی اور سفارشات وزارت کی ویب سائٹ پر نیشنل ایوارڈ پورٹل پر آن لائن کی جا سکتی ہیں۔
پدم ایوارڈز میں ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری شامل ہیں۔ یہ ایوارڈز 1954 میں شروع ہوئے تھے اور ہر سال یوم جمہوریہ کے موقع پر ان کا اعلان کیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈز فن، ادب اور تعلیم، کھیل، طب، سماجی خدمات، سائنس اور انجینئرنگ، عوامی کام، سیول سروسیز ، تجارت اور صنعت وغیرہ جیسے شعبوں میں نمایاں اور غیر معمولی کامیابیوں کے لیے دیے جاتے ہیں۔ ذات، پیشہ، مقام یا جنس کے امتیاز کے بغیر تمام افراد ان ایوارڈز کے اہل ہیں۔ ڈاکٹروں اور سائنسدانوں کو چھوڑکر سرکاری ملازمین بشمول پبلک سیکٹر کے اداروں میں کام کرنے والے سرکاری ملازمین پدم ایوارڈز کے اہل نہیں ہیں۔
وزارت نے تمام شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایوارڈز کے لیے اہل افراد کو نامزد کریں یا ان کی سفارش کریں۔ شہری خود کو بھی نامزد کر سکتے ہیں۔ خواتین، معاشرے کے کمزور طبقوں، درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل، معذور افراد اور معاشرے کی بے لوث خدمت کرنے والوں میں سے باصلاحیت افراد کی شناخت کے لیے ٹھوس کوششیں کی جا سکتی ہیں، جن کی شاندار کارکردگی اور کارنامے حقیقتاً تسلیم کیے جانے کے مستحق ہیں۔
نامزدگی یا سفارش میں پورٹل پر دستیاب فارمیٹ میں بیان کردہ تمام متعلقہ تفصیلات شامل ہونی چاہئیں، بشمول وضاحتی شکل میں ایک اقتباس (زیادہ سے زیادہ 800 الفاظ)۔ اس میں متعلقہ شعبے یا نظم و ضبط میں سفارشی شخص کی خصوصی اور غیر معمولی کامیابیوں یا خدمات کا واضح طور پر ذکر کرنا ضروری ہے۔