نئی دہلی،// پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکورٹی میں کوتاہی کے معاملے میں پر دونوں ایواں کی کارروائی میں گزشتہ ہفتے سے مسلسل رکاوٹیں پیدا ہونے کے بیچ ایک غیر معمولی واقعہ میں پیر کے روز اپوزیشن کے 78 ارکان سمیت اب تک مجموعی طورپر 92 ارکان کوغیر اخلاقی طرز عمل اور حکم عدولی کے سبب معطل کیا جاچکا ہے۔
معطل ارکان میں سے 46 لوک سبھا اور 46 راجیہ سبھا سے ہیں۔
لوک سبھا نے آج اپوزیشن کے 33 ارکان کو معطل کردیا جبکہ راجیہ سبھا کے 45 ارکان کو معطل کردیا گیا۔
پیر کو دونوں ایوانوں میں معطل کیے گئے اراکین میں لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے ڈپٹی لیڈر پرمود تیواری، کانگریس پارٹی کے سینئر اراکین جے رام رمیش، کے سی وینوگوپال، سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو، ترنمول کانگریس کے سکھیندو شیکھر رائے، راشٹریہ جنتا دل کے منوج جھا، جنتا دل یونائیٹڈ کے رام ناتھ ٹھاکر، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے وندنا چوان اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے جان بریٹاس بھی شامل ہیں۔
راجیہ سبھا میں آج اپوزیشن کے 45 ممبران کو معطل کر دیا گیا اور ایک ممبر کو گزشتہ ہفتے معطل کر دیا گیا تھا۔ ترنمول کانگریس کے ڈیرک اوبرائن کا معاملہ، جنہیں گزشتہ ہفتے ایوان بالا میں معطل کر دیا گیا تھا، استحقاق کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے اور وہ اس کی رپورٹ آنے تک ایوان سے معطل رہیں گے۔ ایوان میں آج معطل کیے گئے 45 میں سے 11 ارکان کا معاملہ تحقیقات کے لیے استحقاق کمیٹی کو دے دیا گیا ہے اور اس کی رپورٹ آنے تک ان کی معطلی برقرار رہے گی۔