یواین آئی
سرینگروادی کشمیر میں پائین شہر اور جنوبی کشمیر کے بعض علاقوں کے بغیر جمعہ کے روز دو دنوں کے مسلسل ہڑتال کے بعد معمولات زندگی بحال ہوئے۔واضح رہے کہ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے این آئی اے کے چھاپوں، مزاحمتی ومذہبی لیڈراں وکارکنان کی گرفتاریوں اور دفعہ35 اے کے خلاف ہورہی مبینہ سازشوں کے خلاف دو روزہ ہڑتال کال کے پیش نظر وادی میں بدھ اور جمعرات کے روز معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے تھے۔تفصیلات کے مطابق سری نگر کے تجارتی مرکز لالچوک، گونی کھن، رزیڈنسی روڑ، مولانا آزاد روڑ، مہاراجہ بازار، بٹہ مالو، اقبال پارک، ڈلگیٹ، ریگل چوک، بڈشاہ چوک میں جمعہ کے روز بازاروں میں دو دنوں کے تعطل کے بعد معمول کی گہما گہمی بحال ہوئی۔ دکان کھل گئے اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل جاری رہی۔اننت ناگ اور شوپیان کے بغیر وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات و قصبہ جات میں بھی معمولات زندگی بحال ہوئے اورتمام سرکاری وغیر سرکاری دفاتر وکاروباری ادا روں میں کام کاج بحال ہوا۔دریں اثنا پائین شہر اور جنوبی کشمیر کے بعض علاقوں میں حکام نے جماعت اسلامی جموں کشمیر پر مرکزی حکومت کی طرف سے عائد پابندی کے پیش نظر امکانی احتجاجوں کو روکنے کے لئے پابندیاں عائد کی تھیں۔