ٹیگور ہال سرینگر میں ’’آگر وون‘‘ شعری مجموعے کی رونمائی

0
0

کلچرل اکیڈیمی اور بزمِ شیریں کاوُوسہ کے باہمی اشتراک سے تقریب کا انعقاد
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍جموں اینڈ کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے اہتمام اور بزمِ شیریں کاوُوسہ خالصہ ناربل کے اشتراک سے آج ٹیگور ہال سرینگر میں ایک ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت معروف قلمکار اور شاعر غلام نبی حلیم نے کی جبکہ کلچرل اکیڈیمی سرینگرکے انچارج آفیسر ڈاکٹر فاروق انوار مرزا، عبدالرحمان سکندر، روزنامہ تعمیل ارشاد کے مدیر ناظم نذیر، کلچرل اکیڈیمی کے چیف ایڈیٹر پہاڑی مفتی شفیق الرحمان اور صاحبِ کتاب کے الحاج شیخ غلام رسول المعروف لسہ بب بھی ایوانِ صدارت میں تشریف فرما تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ نبی صلعم سے ہوا جس کی سعادت عبدالاحد شہباز، حافظ عادل کو ہوئی۔ اس کے فوراً بعد کلچرل اکیڈیمی کے شعبہ انسائیکلو پیڈیا کے ایڈیٹر ڈاکٹر شبنم رفیق نے مہمانوں اور شرکائِ محفل کا والہانہ استقبال کیا اور تقریب کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب پر فوک گلوکار خورشید احمد بٹ اور اُنکے ہمنوائوں نے کلامِ لسہ بب پیش کرکے حاضرین و ناظرین کو محضوظ کیا۔ تقریب پر حاحی شیخ غلام رسول عرف لسہ بب کا کشمیری شعری مجموعہ ’’آگر وون‘‘ کی رونمائی انجام دی گئی۔ کتاب پر نوجوان قلمکار اظہار مُبشر نے مفصل تبصرہ پیش کیا۔ تقریب کے دوران بزمِ شریں کی طرف سے ایوانِ صدارت میں بیٹھے مہمانوں کی شال پوشی کی گئی جن میں ڈاکٹر غلام نبی حلیم، ناظم نذیر، عبدالرحمان سکندر، گُرمیت سنگھ قابلِ ذکر ہیں۔ تقریب پر ڈاکٹر حلیم،ناظم نذیر، عبدالرحمان سکندر، شہزادی صاحبہ، نذیر احمد اور ڈاکٹر وحید نے کتاب کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کمشنر سیکریٹری کلچرسُریش کمار گپتا (آئی ایف ایس) ،کلچرل اکیڈیمی کے سیکریٹری شری بھرت سنگھ منہاس اور اکیڈیمی سٹاف اور دیگر افسران کو ایسی تقاریب کے انعقاد پر مُبارکباد پیش کی۔صاحبِ کتاب الحاج شیخ غلام رسول نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کلچرل اکیڈیمی اور بزمِ شیریں کے زعماء کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے اس نوعیت کی تقریب منعقد ہوپائی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض پروگرام انچارج ڈاکٹر شبنم رفیق نے انجام دئے۔ تقریب کے اختتام پر کلچرل اکیڈیمی کے انچارج آفیسر ڈاکٹر فاروق انوار مرزا نے مہمانوں اور شرکاء محفل کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب میں ادب نوازوں، طلباء اور صاحبِ کتاب لسہ بب کے مداحوں کی کثیر تعداد موجود تھی،جن میں خاص طور پہ رشید برقی، دلدار اشرف شاہ، ڈاکٹر عبدالوحید، غلام حسین شبنم، عبدالرشید نشاطی، منظور احمد، ریاض احمد،محمد یوسف، عبدالاحد، سلیم سالک، ڈاکٹر گلزار احمد راتھر،مقبول ساجد قابلِ ذکر ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا