ہندوستان 2027 تک ایک فروغ پزیر ڈیجیٹل معیشت بننے کی طرف بڑھ رہا ہے:ڈائریکٹر جنرل
یواین آئی
نئی دہلی؍؍ٹیلی کام، انٹرنیٹ، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل خدمات کے شعبے میں کمپنیوں کی نمائندگی کرنے والے ٹاپ انڈسٹری آرگنائزیشن سیلولر آپریٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا (سی اواے آئی) نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں نئی حکومت کے ساتھ ہندوستان ایک اور اہم دور میں داخل ہورہا ہے، ہم اگلے پانچ برسوں میں ٹیلی کمیونیکیشن انڈسٹری کے لیے نئی پیش رفت اور پالیسی آئیڈیاز کے بارے میں پرجوش ہیں۔
سی اواے آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹرایس پی کوچر نے یہاں جاری بیان میں نئی حکومت کے لیے اپنی سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا، ”پچھلی دہائی میں، ہم نے دیکھا کہ کس طرح ہندوستان 2027 تک ایک فروغ پزیر ڈیجیٹل معیشت بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ جاری اور آنے والی 5جی پیش رفت کے ساتھ ساتھ امید افزا 6جی اختراعات کے ساتھ، ہندوستان میں ٹیلی کام انڈسٹری اس تبدیلی کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ جیسے جیسے ہندوستان کے لیے نیا باب کھل رہا ہے، یہاں ان اولین ترجیحات کی ایک جھلک دی گئی ہے جنہیں ہم چاہتے ہیں کہ حکومت صنعت کو اپنے اہداف کے حصول میں مدد کرنے کے لیے توجہ دے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں 5 جی نیٹ ورکس، خاص طور پر موبلٹی سروسز (آئی ایم ٹی) کو بڑھانے کے لیے 6 گیگا ہرٹز مڈ بینڈ اسپیکٹرم کی دستیابی اہم ہے۔ بدقسمتی سے پچھلی سپیکٹرم نیلامی میں ہم صرف 800 میگا ہرٹز حاصل کر سکے تھے، اس لیے ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ہمیں 6 گیگا ہرٹز رینج سے 1200 میگا ہرٹز حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ ی ایس ایم اے کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان 6 گیگا ہرٹزاسپیکٹرم کے استعمال کے ذریعے 5جی نیٹ ورک کی تعیناتی میں سالانہ 10 ارب ڈالر تک کی بچت کرسکتا ہے۔