لازوال ڈیسک
جموں؍؍ ٹریڈرز فیڈریشن ویئر ہاؤس نہرو مارکیٹ جموں نے سیوا بھارتی اور نیشنل میڈیکوز آرگنائزیشن کے اشتراک سے ویئر ہاؤس میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس موقع پرکمشنر جموں میونسپل کارپوریشن اور سمارٹ سٹی جموں کے سی ای او راہول یادو کی موجودگی میں کیمپ کا افتتاح کیا۔ وہیںمیڈیکل کیمپ کا انعقاد صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد نے کیا تھا جس میں ڈاکٹرز، فارماسسٹ، طلباء اور معاون عملہ شامل تھا۔ اس ٹیم میں ڈاکٹر ونود کھجوریا (آرتھو)، ڈاکٹر اکھل گپتا (آرتھو)، ڈاکٹر سنجے شرما (سرجن) ڈاکٹر کلونت سنگھ، صدر نیشنل میڈیکوز آرگنائزیشن اور سپورٹ اسٹاف کے ساتھ فارماسسٹ شامل تھے۔ اس موقع پر مختلف طبی خدمات جیسے بلڈ پریشر کی نگرانی اور بنیادی معائنہ کیا گیا۔ حاضرین کے لیے حفظان صحت، غذائیت اور بیماریوں سے بچاؤ سے متعلق تعلیمی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ وہیںمنتظمین نے بتایا کہ جوڑوں کے درد، نزلہ و کھانسی، گٹھیا، بے خوابی، عام کمزوری، خارش اور دیگر دائمی بیماریوں کے لیے مفت ادویات مریض کو ڈاکٹروں کے بتانے کے مطابق تقسیم کی گئیں۔اس دوران دیپک گپتا نے کہا کہ کیمپ کو زبردست ردعمل ملا۔ انہوں نے کہاکہ کچھ مریضوں کو جن کو مزید تحقیقات اور رجمنٹل علاج کی ضرورت تھی، انہیں ہسپتال میں مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔