لکھنؤ، // ہندوستان کے خلاف میچ میں انگلینڈ سے بہتر کارکردگی کی توقع کرتے ہوئے ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ مارکس ٹریسکوتھک نے کہا کہ ورلڈ کپ جیسے اہم ٹورنامنٹ میں ان کے بلے بازوں کی کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن وہ پراعتماد ہیں کہ ٹیم جلد ہی اپنی اس کمزوری پر قابو پا کر میزبان ٹیم کو سخت ٹکر دے گی۔
ٹریسکوتھک نے میچ سے قبل کے موقع پر پریس کانفرنس میں کہا، ’’ڈیوڈ ملان کی ایک سنچری اننگ کے علاوہ انگلینڈ کے بلے باز موجودہ ورلڈ کپ میں اب تک توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔ میرے خیال میں کھلاڑیوں کو ہندوستانی حالات کے مطابق ڈھلنے کی ضرورت ہے۔ ٹورنامنٹ میں ٹیمیں بڑا اسکور بنا رہی ہیں اور ہدف کا دفاع بھی کر رہی ہیں لیکن ہمارے بلے باز ایسا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ حالیہ برسوں میں محدود اوورز کی کرکٹ میں تبدیلی آئی ہے۔ اب بلے باز گیندبازوں پردباؤ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ ٹیم میں میچ جیتنے والے کھلاڑیوں کی کمی ہے یا وہ ہندوستانی کنڈیشنز یا یہاں کی سست پچوں کو نہیں سمجھتے۔ ٹیم کے کئی کھلاڑی یہاں آئی پی ایل کھیلتے ہیں۔ اس کے باوجود ان کی کارکردگی کا فقدان افسوسناک ہے۔ ہمیں امید ہے کہ انگلینڈ کل کے میچ میں اپنی کمزوریوں پر قابو پانے میں کامیاب ہوگا۔
ایکانہ اسٹیڈیم کی پچ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے ابھی تک پچ کا تفصیلی معائنہ نہیں کیا۔ اس میں یا تو ٹرن یا باؤنس ہوگا یا یہ سست ہوگا لیکن بالآخر بلے بازوں کو اگلے سال یہاں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کو لے کر تیاری کا موقع ملے گا۔