سرینگر؍؍جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے قرفلی محلہ شالہ کدل علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے دو غیر مقامی شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک برسر موقع ہی از جان ہوا جبکہ دوسرے کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔اطلاعات کے مطابق پائین شہر کے شالہ کدل قرفلی محلہ علاقے میں بدھ کی شام کو اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب مشتبہ ملی ٹینٹوں نے دو غیر مقامی شہریوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں شدید طورپر زخمی ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر صدر ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے 31سالہ امر ت پال سنگھ ساکن امر تسر پنجاب کو مردہ قرار دیا۔
زخمی غیر مقامی شہری کی پہچان 27سالہ روہت ولد پریم ماشی ساکن پنجاب کے بطور کی گئی ہے اور اس کے جسم میں بھی کئی گولیاں پیوست ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ زخمی پریم ماشی کا فوری طورپر صدر ہسپتال میں آپریشن کیا گیا اور اس کی حالت بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ ملی ٹینٹ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پائین شہر کے قرفلی محلہ ، شالہ کدل علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
دریں اثنا پولیس نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا :’’دہشت گردوں نے سری نگر کے شہید گنج علاقے میں غیر مقامی شہری امرت پال سنگھ ساکن امرتسر پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ فائرنگ کے اس واقعے میں اس کا ساتھی بھی زخمی ہوا ہے جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر صدر ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا ہے۔‘‘