نئی دہلی، 8 اگست (یو این آئی) ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نایاب سنگھ سینی نے جمعرات کو کہا کہ خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ ہریانہ کے لئے چمپئن ہیں اور ریاستی حکومت انہیں اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کی طرح تمام عزت، سہولیات اور اعزازات دے گی۔
اولمپک میں خواتین کی کشتی کے 50 کلوگرام وزن کے زمرے میں فائنل میں پہنچنے اور وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد پھوگاٹ کے ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے کچھ دیر بعدمسٹر سینی نے یہ اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ’’ہریانہ کی ہماری بہادر بیٹی ونیش پھوگاٹ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اولمپک کے فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا، کنہیں اسباب سے وہ بھلے ہی اولمپک کا فائنل نہیں کھیل پائیں لیکنہم سب کے لئے وہ ایک چمپئن ہیں۔
ہماری حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ونیش پھوگاٹ کا خیر مقدم اور تمغہ جیتنے والوں کی طرح ان کا استقبال کیا جائے گا۔ ہریانہ حکومت اولمپک چاندی کا تمغہ جیتنے والے کو جو اعزازات، انعامات اور سہولیات دیتی ہے وہ بھی ونیش پھوگاٹ کو دی جائیں گی۔ ہمیں آپ پر فخر ہے ونیش!‘‘