یوم پیدائش کے موقعے پر مبارکباد ، تندرستی کیلئے دعا کی
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍وزیر اعظم ہند نریندرا مودی نے سرینگر میں اپنی ہی رہائشگاہ پر 5 اگست سے پی ایس اے کے تحت نظر بند نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو ان کے جنم دن پر مبارکباد کیلئے مکتوب روانہ کیا ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو وزیر اعظم ہند نریندا مودی کی طرف سے ایک مکتوب موصول ہوا ہے جس میں انہیں ، یوم پیدائش کے حوالے سے مبارکباد پیش کیا گیا ہے ۔ ذرائع نے مزید کہا کہ نریندرا مودی نے اپنے مکتوب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صحت یابی اور تندرستی کیلئے بھی ان کے جنم دن کے حوالے سے دعا کی ہے ۔ غور طلب بات ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے 5 اگست کو دفعہ 370 کی تنسیخ اور ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں مین اسٹریم جماعتوں کے لیڈران کو خانہ و تھانہ نظر بند رکھا گیا جس میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ بھی شامل تھے ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی نظر بندی کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں مسٹر وائیکو نے عرضی دائر کی جبکہ سرکار کی طرف سے کہا گیا کہ نیشنل کانفرنس کے صدر اور پارلیمنٹ ممبر پی ایس اے کے تحت نظر بند ہے ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی گپکار رہائشگاہ کو ہی سب جیل قرار دیا گیا جہاں وہ تاہنوز نظر بند ہے جبکہ ان کے خلاف جو الزامات عائد کئے گئے تھے ، ان میں جنگجوئوں اور مزاحمتی جماعتوں کی پذیر آرائی کرنے کے الزامات بھی شامل ہے ۔