نئی دہلی //وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے،لال قلعہ کی فصیل سے،ہندوستان کے لیے ترقی اور خوشحالی کے ایک دیرپا سنہری دور کے اپنے عظیم ویژن کو بیان کیا، کیونکہ ماں بھارتی ایک ہزار سال کی غلامی، محکومی اور مفلسی کے دور کے بعد اعتماد کے ساتھ پھر سے عروج حاصل کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار تجارت و صنعت ،صارفین کے امور، خوراک اور عوامی نظام تقسیم اور ٹیکسٹائلز کےمرکزی وزیرپیوش گوئل نے کیا۔
انھوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی آزادی کے بعد پیدا ہونے والے ہندوستان کے ایسے پہلے وزیر اعظم ہیں جو ملک کے مستقبل کے بارے میں انتہائی پُر امید ہیں۔ یہ اعتماد نو سال سے زیادہ کی انتھک محنت کے بعد،ملک کے ہر حصے میں140 کروڑ ہندوستانیوں کے خاندان کے ہر فرد کو فیصلہ کن طور پر ترقی دینے کے لیے، ٹھوس پیش رفت سے پیدا ہوا ہے، چاہے ان کا مذہب، علاقہ، صنف ، ذات، عمر یا نسلی شناخت کچھ بھی رہی ہو۔
مسٹر پیوش گوئل نے کہاکہ مودی حکومت کی ہر پالیسی ان کی’اصلاح، کارکردگی اور تبدیلی‘ کے منتر کی عکاسی کرتی ہے، جو خاص طور پر غریبوں اور پسماندہ لوگوں کے لیے مفید ثابت ہورہی ہے۔ انہوں نے ہندوستان کو نو برسوں میں دنیا کی دسویں سب سے بڑی معیشت سے پانچویں نمبر پر پہنچانے میں مدد کی ہے اوریہ وزیر اعظم مودی کی تیسری میعاد کے دوران تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی راہ پر گامزن ہے۔مستحکم معاشی پالیسیوں، بدعنوانی پر سخت پابندی، سرکاری اخراجات کے غلط استعمال پرروک ، کارکردگی میں اضافہ اور گورننس میں شفافیت لاکر اور فراخدلانہ فلاحی اسکیموں کے ذریعے یہ عروج حاصل ہواہے۔
مرکزی وزیر نے کہاکہ تبدیلی کا ایک اہم حصہ ہندوستان کی خواتین کی زیر قیادت ترقی ہے، جیسا کہ وزیراعظم نے کہاکہ ہندوستان میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ خواتین پائلٹ ہیں اور وہ چاند کے مشن جیسے ہائی ٹیک پروگراموں میں بھی سب سے آگے ہیں۔ یہ فخر کی بات ہے کہ لڑکوں کے مقابلے زیادہ لڑکیاں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (ایس ٹی ای ایم) کی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ وزیر اعظم کا مقصد، دیہاتوں میں 2 کروڑ لکھ پتی دیدیاں بنانا اور ڈرون چلانے اور مرمت کرنے کے کام میں خواتین کو شامل کرنا ہے۔
مسٹرپیوش گوئل نے مزید کہاکہ اس تبدیلی کے سفر میں،مودی حکومت غریبوں کو روٹی، کپڑا اور مکان کے لیےزندگی بھر کی جدوجہد سے آزاد ی دلارہی ہے۔ اس نے تقریباً 80 کروڑ لوگوں کو براہ راست فائدہ کی منتقلی، مفت خوراک، راشن کارڈ کی ملک گیر درستگی، خواتین کے وقار کے تحفظ کےلیے بیت الخلاء، ہر گاؤں میں بجلی، کھانا پکانے کی گیس، اچھی سڑکیں، صحت بیمہ اور سستا انٹرنیٹ فراہم کیا ہے۔ ہر کنبے کو گھر اور نل کے ذریعے پینے کا پانی فراہم کرنے کی اسکیمیں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔
انھوں نے کہاکہ مودی حکومت نے مہنگائی کو دوسرے ممالک کے مقابلے میں،یا پچھلی حکومتوں کے مقابلے میں بہت بہتر طریقے سے سنبھالا ہے، لیکن جیسا کہ وزیر اعظم نے کہاکہ ابھی حکومت مطمئن نہیں ہے۔ وطن عزیز پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم کی دیکھ بھال اور ہمدردانہ پالیسیوں نے 2021 تک پانچ برسوں میں 13.5 کروڑ لوگوں کو غربت سے نجات حاصل کرنے اور متوسط طبقے کی صف میں شامل ہونے میں مدد کی ہے۔
وزیرموصوف نے کہاکہ ’’ ملک کو ابھرتی ہوئی نوجوان طاقت، خواتین کی طاقت، محنتی کارکنوں اور کسانوں، باصلاحیت کاریگروں اور بنکروں اور ایسی بھرپور ثقافتی روایت سے مالا مال ہے، جو عالمی پیمانے پر ہلچل پیدا کررہی ہیں ۔‘‘