یواین آئی
سری نگر؍؍وزیر اعظم نریندر مودی 21 جون کو ‘عالمی یوگا دیوس’ کے موقع پر کشمیر کا دورہ کرنے والے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی 21 جون کو جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں منعقد ہونے والے یوگا ایونٹ میں شرکت متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سری نگر سے دسویں بین الاقوامی یوگا دیوس کی قیادت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ میں جموں و کشمیر کی کئی سپورٹس شخصیات شرکت کریں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے وزیر اعظم کے دورہ کے پیش نظر تیاریاں کرنا شروع کی ہیں۔
وزیر اعظم نے منگل کے روز لوگوں سے یوگا کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنانے کی تاکید کی۔انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یوگا سکون کے لئے ایک پناہ گاہ پیش کرتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ یوگا ہمیں زندگی کے چلینجوں کو سکون اور صبر سے عبور کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر جموں وکشمیر سپورٹس کونسل کو ضروری تیاریاں کرنے کے لئے ہدایات دی گئی ہیں۔بتادیں کہ یہ نریندر مودی کا تیسری بار وزیر اعظم کے عہدے پر براجمان ہونے کے بعد پہلا دورہ کشمیر ہوگا۔قبل ازیں نریندر مودی نے 12 اپریل کو جموں و کشمیر کا دورہ کرکے اودھم پور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا تھا۔