ایک عظیم الشان انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے
https://jkbjp.in/
لازوال ڈیسک
جموں؍؍وزیر اعظم نریندرمودی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی مہم کے لئے کل یعنی28 ستمبر کو جموں کا دورہ کریں گے جہاں وہ مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ایک عظیم الشان انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔ پی ایم مودی کے دورے کے پیش نظر حکام نے جموں شہر کے قرب وجوار میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کے لئے بھاری تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔تین مرحلوں پر محیط جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے دوران یہ وزیر اعظم کا تیسرا دورہ جموں وکشمیر ہوگا۔
اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی مہم کی دوران وزیر اعظم نے 14 ستمبر کو پہلا دورہ جموں و کشمیر کیا تھا جبکہ 19ستمبر کو انہوں نے سری نگر کے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں اور ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کئے۔جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ یکم اکتوبر کو منعقد ہوگی جبکہ پہلے مرحلے کی پولنگ 18 ستمبر کو منعقد ہوئی اور دوسرے مرحلے کی پولنگ 25 ستمبر یعنی بدھ کے روز منعقد ہوئی تھی۔یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے جمعے کے روزجموں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے بتایا کہ شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید ہتھیاروں سے لیس سیکورٹی اہلکار انتہائی چوکس ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں شہر کے حدود میں داخل ہونے والی نجی اورمسافر بردار گاڑیوں کو بھی بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔مبصرین کا خیال ہے کہ وزیر اعظم کے انتخابی مہم کے دوران ریلی سے خطاب سے جہاں پارٹی امید واروں کو کافی فائدہ ہوگا وہیں پارٹی کارکنوں کے حوصلے بھی بلند ہوں گے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جیسے بی جے پی کے بڑے لیڈر پارٹی کے لئے زیادہ سے زیادہ سیٹوں کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے جموں وکشمیر میں بڑے پیمانے پر انتخابی مہم چلا رہے ہیں جبکہ بعض بڑے لیڈر یہیں خیمہ زن ہیں۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے لئے جموں و کشمیر کی کل 90 سیٹوں میں سے 7 اضلاع کی 40 سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔ان میں سے کشمیر میں 16 سیٹوں جبکہ جموں کی 24 نشستوں کی پولنگ ہوگی۔اس مرحلے میں جن اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں کپوارہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، اودھم پور، کٹھوعہ، سانبہ اور جموں شامل ہے۔جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے اس تیسرے اور سب سے بڑے مرحلے کے لئے کل 449 امید وار میدان میں ہیں۔