پٹنہ //لوک سبھا میں وزیر اعظم مودی کی تقریر پر طنز کرتے ہوئے جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری اور ترجمان راجیو رنجن نے آج کہا ہے کہ منی پور میں جاری خونریزی سے پورا ملک صدمے میں ہے، لیکن وزیر اعظم مودی اور بی جے پی اس پربولنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ حتیٰ کہ ا ن سے بولوانے کے لیے پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک بھی لائی گئی لیکن وہاں بھی وزیر اعظم نے گول مول باتیں کر کے اصل مسئلے سے کنی کاٹ گئے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی 2 گھنٹے سے زیادہ کی تقریر مکمل طور پر ان کی خود کی تشہیر تھی۔ اس میں سے ابتدائی پونے دو گھنٹے تک ان کے منہ سے منی پور پر ایک لفظ بھی نہیں نکلا، بعد میں جب اپوزیشن پارٹیاں احتجاجاً واک آو ¿ٹ کر گئیں تو انہوں نے دو تین منٹ تک اس موضوع پر بول کر صرف خانہ پری کی ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ منی پور سے زیادہ انہیں اپنی پبلسٹی کی فکر ہے۔
قومی جنرل سکریٹری نے کہا کہ منی پور اور ہریانہ میں پھیلے تشدد کو لے کر ملک کے ذہن میں بہت سے سوالات اٹھ رہے ہیں، لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ مرکزی حکومت مناسب کارروائی کیوں نہیں کر رہی ہے؟ لوگ یہ سمجھنا چاہتے تھے کہ حکومت کے پاس ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کوئی منصوبہ ہے؟ لیکن وزیراعظم کے رویے سے سبھوںکو مایوسی ہاتھ لگی ہے؟
انہوں نے کہا کہ درحقیقت وزیر اعظم مودی سمیت پوری بی جے پی انڈیا اتحاد سے خوفزدہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم کی زیادہ تر تقریر انڈیا کے خلاف بولنے پر مرکوز رہی۔ بی جے پی کو جان لینا چاہیے کہ ان کی جملے بازی کا عوام پر کوئی اثر نہیں ہونے والا ہے۔ اس بار ان کے لیے 400 سیٹیں جیتنا تو دور کی بات ہے، ان کے لیے 100 سیٹوں تک پہنچنا بھی مشکل ہوگا۔