وزیر اعظم نریندر مودی نے سرمایہ کاروں سے آسان کاروبار کے لئے ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اتوار کے روز کہا کہ ہندوستان سرمایہ کاری کے لئے دنیا کی سب سے زیادہ پرکشش معیشت ہے۔
مسٹر مودی نے اتوار کو یہاں آدتیہ برلا گروپ کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے کا یہ سب سے اچھا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان سرمایہ کاری کے لئے دنیا کی سب سے زیادہ پرکشش معیشت ہے اور ملک میں بڑی تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ہندوستان میں کام کرنے سے روکنے کا انتظامی نظام ختم ہو چکا ہے‘‘۔
وزیر اعظم نے سرمایہ کاروں سے ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’سرمایہ کاری اور آسان کاروبار کے لئے ہندوستان آئیے۔ کچھ نیا کرنے اور کاروبار شروع کرنے کے لئے ہندوستان آئیے۔ کچھ بہترین سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے اور وہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی کا احساس کرنے کے لئے ہندوستان آئیے۔ ہندوستان آپ کا استقبال کرنے کا انتظار کر رہا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ کامرس اور ثقافت یکجا کرنے کے لئے’موروثی طاقتیں‘ ہیں اور صدیوں سے سنياسيوں اور تاجروں نے دور تک کا سفر کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’ان لوگوں نے اپنے ملک سے دیگر ممالک کا دورہ کیا اور کئی ثقافتوں کے ساتھ رچ بس گئے۔ تہذیب اور تجارتی تعلقات یقینی طور پر دنیا کو قریب لائیں گے‘‘۔
مسٹر مودی نے کہا کہ ہماری حکومت ’ایکٹ ایسٹ پالیسی‘ کے لئے مصروف عمل ہے اور اس سمت میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کے ساتھ رابطے کے ذرائع بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔